 |  اسامہ بن لادن کی تلاش بدستور جاری ہے |
امریکہ نے القاعدہ کے چودہ مطلوب ترین مشتبہ ارکان کی فہرست پاکستان کے ایک بڑے اخبار جنگ میں شائع کی ہے۔ اخبار میں مطلوبہ افراد کی فہرست کے ہمراہ ان کی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔ اس اشتہار میں لوگوں کے لیے ان امریکی اور پاکستانی فون نمبروں کی تفصیل بھی درج ہے جن پر متعلقہ اداروں کو مطلع کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اخبار میں کہا گیا ہے کہ مطلوبہ تفصیلات فراہم کرنے والے کسی بھی شخص کا نام پوشیدہ رکھا جائے گا۔  |  ایمن الزواہری اسامہ کے قریبی ساتھی ہیں |
القاعدہ تنظیم کے سربراہ اسامہ بن لادن اور ان کے قریبی ساتھی ایمن الزواہری کے نام سرِ فہرست شائع کیے گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے صلے میں ڈھائی کروڑ ڈالر کے انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ مطلوبہ افراد کی گرفتاری کے سلسلے میں ٹی وی، ریڈیو اور اخبارات میں دیئے جانے والے اشتہارات کی یہ پہلی کڑی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے مقامی اور امریکی دونوں ہی طرح کے ٹیلی فون نمبر شائع کیے گئے ہیں۔ |