BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 09 December, 2004, 15:18 GMT 20:18 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پاکستان: فضائی کرایوں میں کمی

پی آئی اے
کرایوں میں کمی سے مسافروں کی تعداد میں اضافہ کا امکان ہے
حکومتِ پاکستان نے اندرون ملک فضائی سفر پر عائد سیلز ٹیکس بیس فیصد سے کم کرکے پندرہ فیصد کرنے کی منظوری دی ہے، جس سے فضائی سفر کے کرایوں میں کمی ہوگی۔

یہ منظوری وزیراعظم شوکت عزیز کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔ حکام کے مطابق اس فیصلے کے بعد ریاستی فضائی کمپنی ’پی آئی اے‘ اور دیگر نجی کمپنیاں اپنے کرایوں میں کمی کرنے کی پابند ہوں گی۔

سیلز ٹیکس میں کمی سے توقع ہے کہ اسلام آباد سے کراچی تک کے کرائے میں تقریباً 215 روپے جبکہ لاہور سے کراچی تک کے کرائے میں 182 روپے کمی ہو جائے گی۔

اجلاس میں پانچ لاکھ ٹن مزید گندم درآمد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ یہ گندم ’ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان‘ درآمد کرے گی جو پہلے ہی دس لاکھ ٹن گندم درآمد کرچکی ہے۔ گندم درآمد کرنے کے فیصلے کی وجہ ملک میں سٹاک کی حالت بہتر بنانا ہے۔

کمیٹی کے اجلاس میں ہر قسم کی کھاد کی برآمد پر مکمل پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی۔ تاہم اس کا اطلاق اقوام متحدہ کی ایجنسیوں پر نہیں ہوگا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے صوبہ بلوچستان کے سینڈک منصوبہ دوبارہ شروع کرنے کے لیے دو کروڑ بیس لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری بھی دی۔

وزیراعظم نے اجلاس کو بتایا کہ اضافی سرمایہ کاری سے تیس فیصد زیادہ پیداوار حاصل ہوگی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔

واضح رہے کہ سینڈک منصوبے سے سونا اور تانبہ وغیرہ حاصل ہوتا ہے۔ چین کی مدد سے پچیس برس قبل یہ منصوبہ شروع کیا گیا تھا لیکن بعد میں مالی وجوہات کی بنا پر کام بند ہوگیا تھا۔

کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کی سربراہی میں کابینہ کی زراعت کمیٹی بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔ یہ اعلیٰ سطحی کمیٹی ملک میں زرعی پیداوار میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت تمام مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے گی۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد