 |  جنرل پرویز مشرف اور ان کی اہلیہ صہبا مشرف ٹونی بلیئر اور شیری بلیئر کے ساتھ۔ |
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ خواتین کو گھروں میں بند رکھنا ایک رجعت پسند نظریہ ہے۔ برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے جنرل مشرف نے بی بی سی کے ایک پروگرام نیوز نائٹ پر ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ، ’کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ خواتین کو گھروں کے اندر رکھنا چاہئیے اور انہیں پردہ کروانا چاہئیے ، یہ بالکل غلط ہے۔‘ جنرل مشرف نے کہا کہ ’میری بیوی میرے ساتھ سفر کررہی ہیں اور بہت مذہبی ہیں لیکن وہ بہت میانہ رو بھی ہیں۔‘ اس سے پہلے برطانیہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستانیوں کو برطانوی معاسرے میں زیادہ جذب ہونے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ کا کہنا تھا کہ ’خود کو تنہا کر لینے سے کوئی آپ کی بات کیسے سن سکتا ہے۔‘ |