جھولا گرنے سے تین بچیاں ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہفتے کی صبح لاہور کے نواحی علاقہ میں واقع سوزو واٹر پارک میں جھولا گرنے سے تین بچے اور ایک استانی ہلاک اور چالیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی صبح ساڑھے گیارہ بجے پیش آیا جب تین مختلف نجی سکولوں کے کم عمر بچے تفریحی دورہ پر پارک میں آئے ہوئے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق لگ بھگ ستر بچے گول گھومنے والے ایک بڑے جھولے میں جھول رہے تھے کہ وہ جھولا اپنے محور سے ٹوٹ کر بلندی سے زمین پر آگرا جس سے تین بچیاں ، سدرہ ، آمنہ اور سعدیہ موقع پر ہلاک ہوگئیں جبکہ ایک استانی قریبی ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی۔ زیادہ تر بچوں کی عمر دس سے بارہ سال کے درمیان ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق جب یہ حادثہ پیش آیا تو پارک انتظامیہ کے کارکن موقع سے بھاگ گئے اور باہر سے لوگوں نے آکر امدادی کاروائیاں کیں اور بچوں کو قریب واقع گھرکی ٹیچنگ ہسپتال میں پہنچایا جہاں پچیس بچے کمر ، سینے اور سر میں چوٹیں لگنے سے شدید زخمی حالت میں داخل ہیں جبکہ چار کی حالت نازک ہے جنہیں سر کی چوٹوں کی وجہ سے جنرل ہسپتال پہنچادیا گیا۔ باٹا پور پولیس نے پارک کو بند کرکے اس کے مالکان کے خلاف قتل اور غفلت کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ اس کے پانچ ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے۔ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے لاہور کے تمام پارکس میں لگے جھولوں کو فوری طور پر بند کردیا ہے اور ان کے موزوں ہونے کے لیے معائینہ کرنے اور اس کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بعد انہیں کھولا جائے گا۔ تاہم انتظامیہ کے افسر اس بات کا جواب نہیں دے رہے کہ کیا انہوں نے قانون کے مطابق اس جھولے کا وقت پر معائنہ کیا تھا اور کیا یہ سواری کے لیے موزوں جھولا تھا۔ لاہور میں اکثر تفریحی مقامات اور میلے انتظامیہ کی اجازت سے قائم ہوتے ہیں اور یہ شکایات عام ہیں کہ انتظامیہ ان کو این او سی (اجازت نامہ) دینے میں سیاسی اثر و رسوخ اور بدعنوانی سے کام لیتی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چونکہ سوزو واٹر پارک ایک بااثر سرکاری افسر کے خاندان کی ملکیت ہے اس لیے کمزور اور ناقص جھولا لگانے والے ذمہ دار افراد کی خلاف شائد موثر کاروائی نہ ہوسکے۔ تفریحی پارک اسلام آباد میں تعینات ایک اعلی سرکاری افسر کامران لاشاری کے بھائیوں زوریز لاشاری اور سہیل لاشاری کی ملکیت ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||