BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 22 November, 2004, 18:06 GMT 23:06 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
زرداری کی رہائی رہنماؤں کا ردِعمل

 آصف علی زرداری
مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے اپنے آپ کو مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کا سچا سپاہی اور پیروکار ثابت کردیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کی رہائی پر سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت ملک بھر کے سیاسی رہنماؤں نے بشمول حکومتی اتحاد، خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ہے۔

آصف زرداری کے ترجمان ڈاکٹر قیوم سومرو نے بی بی سی کو بتایا کہ جلاوطن رہنما میاں نواز شریف نے سعودی عرب سے انہیں مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ آصف علی زرداری پر بیشتر بدعنوانی کے مقدمات نواز شریف کے دور حکومت میں ہی بنائے گئے تھے لیکن آج کل ان کی جماعت’اتحاد برائے بحالی جمہوریت‘ کے پلیٹ فارم پر پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر جدوجہد کر رہی ہے۔

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری گزشتہ آٹھ سال سے مسلسل قید میں تھے، ان پر قتل، بدعنوانی اور منشیات سمگلنگ کرنے جیسے سنگین الزامات کے تحت مقدمات داخل ہیں۔ ڈیڑھ درجن کے لگ بھگ مقدمات میں سے کچھ میں وہ رہا ہوچکے ہیں اور کچھ میں ضمانت کرالی ہے۔

واحد مقدمہ جو بی ایم ڈبلیو کار درآمد کرنے کے بارے میں ان کے خلاف درج کیا گیا، اس میں ان کی ضمانت کی درخواست سپریم کورٹ نے پیر کے روز منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا جس کے بعد انہیں کراچی میں آزاد کیا جا چکا ہے۔

تاحال سامنے آنے والے رد عمل کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے محتاط رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں زرداری کی رہائی پر نہ خوشی ظاہر کی اور نہ ہی افسوس۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ عدلیہ کو آزاد کرنے اور ان کی ساکھ بحال کرنے کے لیے عدالتی کمیشن بننا چاہیے۔

آصف، بے نظیر
آںف زرداری آٹھ سال سے جیل میں ہیں

عوامی نیشنل پارٹی کے اسفند یار ولی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ زرداری کی رہائی کی خبر سن کر انہیں بڑی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا زرداری کی رہائی بہت پہلے ہونی چاہیے تھی۔

متحدہ مجلس عمل کے سربراہ قاضی حسین احمد نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرداری کی رہائی پہلے ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرداری مستقبل کی سیاست میں اہم کردار کر سکتے ہیں۔

وزیر داخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ اور وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد نے بھی آصف زرداری کی رہائی پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ زرداری کی رہائی حکومت سے’ڈیل، کا نتیجہ نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ ملکی سیاست میں مثبت کردار ادا کریں گے اور ان کی رہائی کے عمل سے سیاسی ادارے مضبوط ہوں گے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے اپنے آپ کو مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کا سچا سپاہی اور پیروکار ثابت کردیا ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد