بارودی سرنگ کا دھماکہ، 2 ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان کے شہر وانا میں ایک فوجی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں تین فوجی زخمی ہو گئے۔ فوج کی جوابی فائرنگ میں دو عام شہری ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ وانا سے صحافی دلاور خان وزیر کے مطابق بارودی سرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وانا سے محسود علاقے کو جانے والے فوجی قافلے کی ایک گاڑی باردوی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں تین فوجی زخمی ہو گئے۔ فوج کی جوابی فائرنگ سے وانا بازار کی ایک دوکان میں موجود دو عام شہری ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں رزمک کیڈٹ کالج کا ایک طالبعلم محمد جاوید مغل خیل بھی شامل ہے جو عید کی چھٹیاں منانے کے لیے کل وانا پہنچا تھا۔ فائرنگ سے مچنے والی بھگدڑ سے کئی دیگر شہری بھی زخمی ہوئے۔ درایں اثناء وانا میں جمعہ کی رات نامعلوم افراد نے فوجی کیمپ کو ایک مرتبہ پھر راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے البتہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یہ تازہ حملہ حکومت اور القاعدہ کی مدد کے الزام میں مطلوب پانچ افراد کے درمیان معاہدے کے چند گھنٹوں بعد ہوا ہے۔ عام خیال تھا کہ اس معاہدے سے علاقے میں لڑائی اور حملوں کا سلسلہ بند ہوجائے گا مگر بظاہر ایسا نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات نامعلوم افراد نے دو راکٹ سکاؤٹ کیمپ پر داغے جن میں سے ایک اس کے قریب کھلے علاقے میں جبکہ دوسرا کیمپ کے اندر گرا۔ البتہ کسی نقصان کی کوئی فوری اطلاع نہیں ملی ہے۔ ادھر وانا بازار میں سنیچر کی صبح فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایک شخص کی ہلاک اور کئی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے البتہ واقعہ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ فائرنگ کے بعد بازار میں افراتفری پھیل گئی۔ مزید تفصیلات موصول ہو رہی ہیں۔ حکومت کو مطلوب پانچ افراد نے جمعرات کے روز وانا میں مقامی انتظامیہ کے سامنے پیش ہوکر اپنے پرامن رہنے اور القاعدہ کی مدد نہ کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ حکام اسے ایک بڑی پیش رفت قرار دے رہے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||