وزیرستان: حملے میں فوجی زخمی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں ایک سپاہی زخمی ہوا ہے۔ تازہ جھڑپ محسود علاقے کاروان مانزہ میں ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق مشتبہ عسکریت پسندوں نے سیکورٹی دستوں کے ایک مورچے پر راکٹوں سے حملہ کیا جس میں ایک سپاہی زخمی ہوا ہے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان سے آج اسی فوجی ٹرکوں پر مشتمل ایک قافلہ رزمک سے لدھا پہنچا ہے۔ ابھی واضح نہیں کہ اس تازہ کمک کا مقصد کیا ہے لیکن شبہ ہے کہ یہ کسی تازہ کارروائی کے لئے ہوسکتی ہے۔ ادھر دو چینی باشندوں کے گزشتہ دنوں اغوا میں ملوث مقامی جنگجو عبداللہ محسود نے وانا میں صحافیوں کو ٹیلفون پر بتایا ہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کے میریئٹ ہوٹل میں دھماکہ انہوں نے کروایا تھا۔ اس دعویٰ میں تاخیر کی وجہ انہوں نے اپنے آدمیوں کے اس کارروائی کے بعد محفوظ مقام تک پہنچنا بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں کی مدد کرنے والے افراد اور مقامات ان کا ہدف ہونگے۔ گوانتناموبے کیوبا سے اس سال مارچ میں رہائی پانے والے عبداللہ محسود نے دھمکی دی کہ وہ اب اپنی کارروائیاں دیگر علاقوں تک بڑھا دیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||