ڈاکٹر: ملک گیر احتجاج کا فیصلہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں دہشت گردوں سے تعلق کےالزام میں گرفتارکیے جانے والے دو ڈاکٹر بھائیوں ڈاکٹر ارشد وحید اور ڈاکٹر اکمل وحید سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے مل کر ایک ایکشن کمیٹی بنانےکا اعلان کیا ہے جو ان کی رہائی کے لیے کام کرے گی۔ آج سہ پہر لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان دونوں تنظیموں کے عہدیداروں نے کہا کہ اگر حکومت نے ان بے گناہ ڈاکٹروں کو رہا نہ کیا تو وہ ملک بھر کے ڈاکٹروں سے مل کر احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر طارق محمود اور دوسرے عہدیدار ، اظہار ہاشمی، تنویر زبیری وغیرہ ، اس موقع پر موجود تھے جنھوں نے کہا کہ ان دونوں بھائیوں کو ناجائز مقدمے میں گرفتار کیاگیا ہے اور ڈاکٹروں کی ایکشن کمیٹی چودہ اگست کو پریس کلب لاہور کے باہر پرامن احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں نے کہا کہ اگر ان بھائیوں کے خلاف کوئی الزامات ہیں تو ان پر کھلا مقدمہ چلایاجائے اور مقدمات اور ثبوت سامنے لائے جائیں۔ ڈاکٹر طارق محمود کاکہنا تھا کہ ڈاکٹری کے پیشہ کا مقصد انسانیت کی خدمت کرنا ہے اور کسی کا علاج کرنا کوئی گناہ نہیں اورنہ کسی کے چہرے پر لکھا ہوتا ہے کہ وہ دہشت گرد ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان بھائیوں پر سے کور کمانڈر اور رینجرز پر حملہ میں ملوث ہونے کا الزام واپس لینے کا مطلب یہ ہے کہ ان کے خلاف حکومت کے پاس کوئی ثبوت نہیں اور حکومت اپنی خفت مٹانے کے لیے انھیں بے بنیاد مقدمہ میں ملوث کر رہی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||