BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 29 June, 2004, 15:10 GMT 20:10 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پنجاب 36 ارب روپے کا ضمنی ’بوف‘

News image
منگل کو پنجاب میں گزشتہ سال کے لیے صوبے کا ضمنی بجٹ پیش کیا گیا جس کا مقصد ایک ارب پچپن کروڑ روپے سے زیادہ وی وی آئی پی کے حفاظتی اقدامات اور وزیراعلی کے زیراستعمال مختلف گھروں اور پنجاب ہاؤسز پر خرچ جانے والے اربوں روپے سمیت مجموعی طور پر چھتیس ارب تیراسی کروڑ کے اضافی اخراجات کی توثیق حاصل کرنا ہے۔

حزب مخالف نے اس ضمنی بجٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے حکمرانوں کا سپلیمینٹری بوفے قرار دیا اور کہا کہ حکومت عوام کو تحفظ دینے کے بجائے اپنی حفاظت کے لیے اربوں روپے خرچ کررہی ہے اور ملک کے وسائل حکمرانوں کی فضول خرچیوں پر لٹائے جارہے ہیں۔

صوبائی اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر رانا ثنااللہ نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے لیے ایک سو اننچاس ارب اور چونتیس کروڑ کا بجٹ منظور ہوا تھا لیکن اب حکومت نے اس اصل بجٹ کے پچیس فیصد کے برابر چھتیس ارب اور تراسی کروڑ روپے سے زیادہ کا ضمنی بجٹ پیش کردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بجٹ پیش کرنے کا مقصد ایک حد میں رہنا ہوتا ہے اوراگر حکومت نے ایسا نہیں کرنا تھا تو بجٹ پیش کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ ضمنی بجٹ میں وی وی آئی پی کی حفاظت کے لیے ساٹھ کروڑ پچیس لاکھ روپے سے زیادہ کی گاڑیاں خریدی گئیں اور ان کی حفاظت کے لیے پولیس سٹاف پر سات کروڑ ستر لاکھ روپے خرچ کیے گۓ۔

اس ضمنی بجٹ میں وی وی آئی پی کی حفاظت کے لیے خفیہ نگرانی کی خاطر بیس لاکھ روپے خرچ کیے گۓ اور بعد میں اسی مقصد کے لیے تین کروڑ اکیانوے لاکھ روپے اور ایک کروڑ انیس لاکھ روپے سپیشل برانچ (پولیس کے محکمہ جاسوسی) پر خرچ کیے گۓ۔

رانا ثناللہ نے کہا کہ پانچ کروڑ تیرہ لاکھ روپے کی دو بلٹ پروف گاڑیاں خریدی گئیں اور ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر اکیس کروڑ چالیس لاکھ روپےکا خریدا گیا اور سیسنا ہوائی جہاز کی مرمت پر نو کروڑ چھیاسٹھ لاکھ روپے خرچ کیے گۓ۔

ضمنی بجٹ میں وزیراعلی اور حکومت کے اعلی عہدیداروں کے زیراستعمال پنجاب ہاؤس وغیرہ کی تزئین و آرائش کے لیے بھاری رقم خرچ کی گئی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ضمنی بجٹ میں ساڑھے تین ارب روپے ڈیوریبل گڈز (استعمال کی پائیدار اشیا) پر خرچ کیے گۓ ہیں۔

رانا ثناللہ نے کہا کہ ضمنی بجٹ میں مری میں پنجاب ہاؤس میں وزیراعلی پنجاب کے گھر (سویٹ) پر چوالیس لاکھ اسی ہزار روپے خرچ کیے گۓ ہیں اور پنجاب ہاؤس مری میں آٹھ لاکھ روپے کا فرنیچر خریدا گیا۔

پنجاب ہاؤس اسلام آباد پر بیس لاکھ روپے خرچ کیے گۓ اور چالیس لاکھ روپے فرنیچر پر خرچ کیے گۓ۔

انھوں نے کہا کہ لاہور میں سات کلب روڈ پر وزیراعلی ہاؤس کے لیے تقریبا پانچ لاکھ روپے کی کراکری خریدی گئی۔

پنجاب ہاؤس کی مرمت اور آرائش (رینوویشن) پر چالیس لاکھ روپے خرچ کیے گۓ اور ا س کے بی بلاک میں گورنر کے سویٹ کے لیے پچیس لاکھ روپے اور جی بلاک کے لیے بارہ لاکھ روپے رکھے گۓ۔

ضمنی بجٹ میں وزیراعلی کے ہی زیراستعمال میسن ہال نوے شاہراہ قائداعظم پر میٹنگ ہال کے لیے تین کروڑ روپے مانگے گۓ اور سات کلب روڈ پر وزیراعلی ہاؤس کےلیےاضافی چھ لاکھ روپے مانگے گئے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد