طلاق: عمران کے دوست کیا کہتے ہیں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کرکٹ کی دنیا کے شاہسوار عمران خاں نے جب جمائما سے شادی کی تو لوگوں کو یہ جوڑی کچھ عجیب سی لگی۔ پاکستان کا دلہا اور انگلستان کی دلہن؟ کچھ لوگوں کو یہ حقیقت تسلیم کرنے میں کچھ وقت تو لگا لیکن ہینڈسم عمران اور بیوٹی فل جمائما کے مداح بھی کم نہ تھے۔ جیسے جیسے وقت گزرتا گیا یہ جوڑی انگلستان کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی مقبول ہوتی گئی۔ ان کے ہاں پہلے سلیمان پیدا ہوا اور پھر قاسم نے جنم لیا۔ جمائمہ نے اس عرصہ کے دوران ناصرف اردو اور پشتو سیکھی بلکہ ان زبانوں پر دسترس حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ اب عمران کے طلاق کے اعلان پر ہر کسی کو شروع میں یوں لگا کہ یہ کوئی غلط خبر ہے۔ لیکن جب اس خبر کی باقاعدہ تصدیق ہوگئی تو ہر کوئی تذبذب کا شکار ہے اور سوچ رہا ہے کہ یہ جوڑی ایسا کرنے پر مجبور کیوں ہوئی۔ اس سلسلہ میں لوگوں کی آراء جاننے کے لئے میں نے لاہور میں عمران خان اور جمائما کے دوستوں سے رابطہ کیا۔ انعام اللہ خان نیازی عمران خان کے چچا زاد بھائی اور قریبی دوست ہیں۔ انکے ساتھ ہی پل بڑھ کر جوان ہوئے اور ایک الگ سیاسی جماعت کا رکن ہونے کے باوجود وہ ہمیشہ عمران کے سیاسی سفر میں ان کے ہمراہ رہے۔
’یہ بات تو واضع تھی کہ جمائما کو عمران کی سیاسی مصروفیات بالکل گوارہ نہ تھیں اور پچھلے ایک سال سے وہ یہ کوشش کر رہی تھیں کہ عمران سیاست چھوڑ دیں۔‘ انعام اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ جمائما خود کو اکیلا محسوس کرنے لگیں تھیں۔ خاص طور پر اس وقت سے جب سے عمران نے عملی سیاست میں بھرپور توجہ دینا شروع کر دی تھی۔ انعام اللہ خان کے مطابق جمائما کو اپنے والد کی جائیداد سے ایک بڑا حصہ ملا ہے اور جب وہ 33 برس کی ہو جائیں گی تو یہ جائیداد خود بخود ان کے نام منتقل ہو جائے گی لیکن عمران کو اس بات سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ انعام خان کا خیال تھا کہ طلاق کی بنیادی وجہ جمائما کی والدہ تھیں کیونکہ انہوں نے ہمیشہ اس بات کی کوشش کی کہ وہ جمائما کو باور کرا سکیں کہ ان کا پاکستان میں قیام کبھی اچھا نہیں ہو گا۔
عامر کا کہنا تھا کہ عمران نے جمائما کو پاکستانی ماحول سے مطابقت پیدا کرنے میں کوئی مدد نہیں کی۔ اس کے یہاں قیام کے دوران اس کے بمشکل دو یا تین دوست ہیں اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اس سے کہا گیا تھا کہ وہ خاندان سے باہر کسی کو نہ ملے ۔ جمائما اور عمران کے اکثر دوستوں کا کہنا ہے کہ ان کے درمیان طلاق کی بنیادی وجہ جمائما کی والدہ ہی ہیں جن کی ہمیشہ یہ رائے رہی کہ جمائما کا پاکستان میں قیام کبھی اچھا اور آرام دہ نہیں ہو گا۔ عمران خان بھی اس خیال میں رہے کہ وہ کسی دن پاکستان کا وزیراعظم بنیں گے اور اسی لئے وہ اپنا ملک چھوڑ کر جانا نہیں چاہتے۔ اس کے برعکس جمائما کا پاکستا ن میں رہنا دشوار ہو گیا تھااسی لئے شاید دونوں کو الگ الگ راستوں کا انتخاب کرنا پڑا۔ عاشق قریشی عمران کے ایک پرانے دوست ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی رائے میں عمران نے اس شادی کو بر قرار رکھنے کی بھر پور کوشش کی تھی لیکن اس کو ہمیشہ یہ غم بھی رہتا تھا کہ وہ جمائما کو صحیح طور پر وقت نہیں دے پاتے۔ اسی لئے انہوں نے جمائمہ کو ایک حد سے زیادہ آزادی دے رکھی تھی۔ جب جمائمہ نے پڑھائی کے لئے لندن جانے کی خواہش ظاہر کی تو عمران اس پر بھی راضی ہوگیا۔ سیتا وائیٹ کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے عاشق نے بتایا کہ عمران کے لئے ماضی میں تو شاید یہ ایک مسئلہ ضرور رہا ہے لیکن اب اس کے اثرات ختم ہو گئے ہیں اور اب یہ عمران خان کے لئے ایسا معاملہ نہیں تھا کہ ان کی خانگی زندگی پر اثر انداز ہوتا۔ خاص کر سیتا وائیٹ کی موت کے بعد اب یہ معاملہ بالکل ختم ہو گیا تھا۔ عمران خان کے کزن عمر خان کا کہنا ہے کہ انگلستان کے اخبارات نے اس مسئلہ کوصحیح انداز میں پیش نہیں کیا۔ اگرچہ ہم قدامت پسند لوگ ہیں لیکن انہیں یہاں پوری آزادی تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||