عمران کی ’بیٹی‘ اور پاکستانی اخبار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی اخبارات نے کرکٹ ہیرو عمران خان کی کروڑ پتی گرل فرینڈ سیتا وائٹ کی ہفتہ کے روز اچانک موت اور ان کی بارہ سالہ بیٹی ٹایرئن وائٹ کی عمران خان کے ساتھ رہنے کی خبریں خاصی نمایاں طور پر شائع کی ہیں۔ ٹایرئن وائٹ کے بارے میں سیتا وائٹ کا دعویٰ تھا کو وہ عمران خان کی اولاد ہے اور عمران خان نے ہمیشہ اس سے انکار کیا۔پاکستانی اخبارات نے اس بارے میں برطانوی اخبار مرر اور امریکی اخبار دی نیو یارک پوسٹ کی رپورٹیں نقل کی ہیں۔ اخبارات کے مطابق برطانوی اخبار مرر نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان سیتا وائٹ کی موت کے بعد امریکہ گۓ ہیں اور ٹایرئن کو اپنانے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم پیر ڈیلی ٹائمز نے عمران خان کا بیان شائع کیا ہے کہ یہ درست نہیں ہے اور چیزیں ابھی واضح نہیں۔ دوسری طرف دی سنڈے مرر کے مطابق سیتا وائٹ کے وکیل فلپ بوئش نے کہا ہے کہ عمران خان کو صورتحال سے باخبر رکھا جارہا ہے۔ یہ خبر آج دی نیشن نے نقل کی ہے۔ سب سے پہلے دی نیو یارک پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ڈیلی ٹائمز نے اتوار کے روز امریکہ میں مقیم برطانیہ کی امیر خاتون سیتا وائٹ کی پر اسرار موت کی خبر شائع کی۔ اس خبر میں کہا گیا کہ تینتالیس سالہ سیتا وائٹ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی گرل فرینڈ تھیں اور ان دونوں کی شادی کے بغیر محبت کے نتیجے میں بارہ سالہ بچی ٹایرئن پیدا ہوئی۔ سیتا وائٹ کی موت کیلیفورنیا میں سانتا مونیکا کی یوگا کلاس کے دوران ہوئی جو بیورلے ہلز میں ان کے شاندار مکان کے قریب میں واقع ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ ان کی موت سے صرف چند ہفتے پہلے ہی انہیں آٹھ سال کی قانونی لڑائی کے بعد اپنے مرحوم باپ کی جائیداد سے ایک تصفیہ کے ذریعے تین ملین ڈالر کی رقم ملی تھی۔ سیتاوائٹ ایک یوگا اسٹوڈیو میں قدیم ورزشوں اور روحانی مشقوں کی تعلیم دیا کرتی تھیں۔ ڈیلی ٹائمز نے واشنگٹن سے اپنے نمائندے کی رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے لندن کے اخبارات میں شائع ہونے والی ان رپوٹوں کی تردید کی ہے کہ انہوں نے اور ان کی بیوی جمائما خان نے بارہ سالہ ٹایرئن کو اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نامہ نگار کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ان سے گفتگو کے دوران سیتا وائٹ کے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی کہ وہ ٹایرئن کے باپ ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ٹایرئن کو یہ یقین کرایا گیا ہے کہ وہ اس کے باپ ہیں۔ عمران خان نے اخبار کو کہا کہ وہ سیتا وائٹ کےمرنے پر کیلی فورنیا نہیں آئے بلکہ پاکستان سے سیدھے واشنگٹن پہنچے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹایرئن کی دادی اور خالہ کیرولین اس بات کا فیصلہ کریں گی کہ کیا کرنا ہے۔ اس وقت تو سب لوگ صدمہ سے دوچار ہیں اور چند دنوں بعد چیزیں واضح ہوں گی۔ اس سے پہلے برطانوی اخبار مرر نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان ٹایرئن کو اپنی نگرانی میں لے لیں گے اور وہ ہفتہ کی شام سیدھے کیلی فورنیا پہنچے ہیں۔ روزنامہ دی نیشن نے آج دی سنڈے مرر کی اس رپورٹ کے اقتباسات شائع کئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ سیتا وائٹ کی موت دل کے دورہ سے ہوئی جو خیال کیا جاتا ہے کہ نشہ آور ادویاء کی وجہ سے پڑا تھا۔ دی سنڈے مرر نے لکھا تھا کہ جمائما خان نے اپنے دوستوں کو بتایا ہے کہ وہ ٹایرئن کے ساتھ بہت ’کمٹڈ‘ ہیں اور اس کی بہبود کے لئے جو بھی کرسکیں، وہ کریں گی۔ اخبار کا کہنا ہے کہ اگر ٹایرئن عمران خان کے ساتھ رہی تو یہ عمران خان کا ایک یو ٹرن ہوگا کیونکہ عمران خان نے اس کو اپنی بیٹی تسلیم نہیں کیا تھا۔ ٹایرئن کی شکل عمران خان سے بہت مشابہ ہے اور انیس سو ستانوے میں ایک امریکی جج نے عمران خان کو اس کا باپ قرار دیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||