| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
میاں بیوی راضی
ان دنوں لندن میں مقیم جمائما خان نے پاکستانی اخبارات کے نام ایک بیان میں ان ’افواہوں‘ کی تردید کی ہے جن کے مطابق ان کے اپنے خاوند عمران خان کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں۔ یہ بیان شوکت خانم میموریل ہسپتال کے محکمہ تعلقات عامہ نے جاری کیا۔ ’جمائما کی تصحیح‘ کے عنوان سے بھیجے جانے والے اس بیان میں کہا گیا ہے: ’یہ تو ٹھیک ہے کہ میں لندن کے ایک کالج میں ایم اے کر رہی ہوں، لیکن اس بات میں کوئی سچائی نہیں کہ میرے اور عمران کے بیچ کوئی جھگڑا ہے۔ ’یہ صورتحال وقتی ہے اور پڑھائی ختم کرنے کے بعد انشاءاللہ میں واپس پاکستان چلی جاؤں گی۔ تب تک اسلام آباد میں ہمارا نیا فارم ہاؤس بھی تعمیر ہو چکا ہو گا۔ اگرچہ عمران اور خود میں اپنے بارے میں اس قسم کی افواہوں کے عادی ہو چکے ہیں لیکن ان سے پہنچنے والی تکلیف سے نہیں‘۔
انتیس سالہ جمائما اپنے بیٹوں، سات سالہ سلیمان اور چار سالہ قاسم، کے ساتھ کچھ عرصے سے لندن میں مقیم ہیں جبکہ اکیاون سالہ سابق کرکٹ کپتان پاکستان میں سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ بظاہر یہ دوری ہی ان باتوں کا سبب بنی جنہیں جمائما نے افواہیں کہا ہے۔ یہ مسئلہ صرف اسی معروف جوڑے کا نہیں۔ برطانیہ کے سب سے زیادہ مقبول فٹبال کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم اور ان کی بیوی وکٹوریا بھی کچھ عرصے سے الگ الگ ملکوں میں رہنے کے بعد اسی نوعیت کی گپ شپ کا موضوع بن گئے تھے جس کے بعد انہیں ایک تعلقات عامہ کی کمپنی کے ذریعے اپنی صفائی پیش کرنا پڑی تھی۔ جمائما اور عمران کی شادی برطانیہ میں سن پچانوے میں ہوئی تھی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||