عمران خان اور جمائما میں طلاق | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے نامور کرکٹر اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی بیوی جمائما خان کو طلاق دے دی ہے۔ اس بات کا اعلان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات اکبر ایس بابر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ ’وہ دکھ کے ساتھ اعلان کر رہے ہیں کہ ان کے اور جمائما کے درمیان طلاق ہو گئی ہے۔ طلاق کا فیصلہ دونوں کا مشترکہ ہے اور دونوں کے لئے نہایت ہی افسوسناک بھی۔‘ عمران خان کا کہنا ہے کہ ’ان کا گھر اور مستقبل پاکستان میں ہے جبکہ جمائما نے پاکستان میں رہنے کی بڑی کوشش کی، لیکن میری سیاسی زندگی نے ان کی یہاں سکونت کو دشوار بنادیا۔، عمران خان سیاستدان کے طور پر کم اور کرکٹر کے طور پر زیادہ شہرت رکھتے ہیں اور انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان ہی کی کپتانی میں پاکستان نے انیس سو بانوے میں کرکٹ کا عالمی کپ جیتا تھا۔ جمائما خان برطانوی شہریت رکھتی ہیں اور ان کا لندن کے بڑے امیر خاندان سے تعلق ہے۔ انہوں نے سن انیس سو پچانوے میں عمران خان سے پیار کی شادی کی۔ ان کے دو بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان ہیں ۔ عمران خان پچیس نومبر انیس سو باون میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کیبل کالج آکسفرڈ یونیورسٹی سے بی اے آنرز کی سند حاصل کی ہے۔ عمران خان کا دعویٰ ہے کہ وہ واحد پاکستانی ہیں جن کا نام ’آکسفرڈ ہال آف فیم‘ میں شامل ہے۔ عمران خان کھیلوں کے لئے یونیسیف کے نمائندے بھی رہ چکے ہیں۔ عمران خان کے بقول کرکٹ کھیلنا ، جسمانی فٹنس اور شکار ان کے پسندیدہ مشاغل ہیں۔ وہ چار کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں ’ آل راؤنڈ، عمران این آٹو بایوگرافی ، واریر ریس اور انڈس جرنی ویو، شامل ہیں۔ اکبر بابر کے مطابق اس وقت دونوں بچے جمائما کے ساتھ لندن میں ہیں جبکہ عمران خان اسلام آباد میں ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ بچوں کی رہائش اور دیگر معاملات باہمی رضامندی سے طے کیے گئے ہیں ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||