نٹور سنگھ اور قصوری کا رابطہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا ہے کہ آئندہ ایک دوسرے سے میڈیا کے ذریعے مخاطب ہونے کی بجائے ذاتی طور پر بات کیا کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارتی وزیرِ خارجہ کنور نٹور سنگھ نے پاکستانی وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کو جمعرات کو فون کیا اور بات چیت کی۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی بہتری کے حوالے سے بات چیت کی۔ پاکستانی ترجمان کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر بنانے کے لئے خود کو پابند سمجھتے ہیں کیونکہ ان کے بقول ’ پاک- بھارت تعلقات اب مزید ماضی میں نہیں رہنے چاہئیں بلکہ مستقبل میں ہوں، اس موقع پر خورشید قصوری کا کہنا تھا پاکستان بھارت کے ساتھ پائیدار امن کے قیام اور جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات پرامن طریقے سے تعمیری مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ بیان کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ نے صدر پرویز مشرف اور وزیراعظم ظفراللہ جمالی کے لئے نیک تمنائیں ظاہر کیں جبکہ پاکستانی وزیر خارجہ نے سونیا گاندھی اور بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ کے لئے جوابی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ اب تک پاکستانی رہنماء ہی بھارتی رہنماؤں کو فون کر رہے تھے اور بھارت میں کانگریس کی حکومت کے قیام کے بعد بھارت کی جانب سے حکومتی سطح پر یہ پہلا فون رابطہ ہے۔ صدر مشرف نے نہ صرف بھارتی وزیراعظم بلکہ حکمران جماعت کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی سے بھی فون پر بات کر چکے ہیں جبکہ وزیراعظم جمالی اور وزیر خارجہ قصوری نے ان کے بھارتی ہمعصروں کو فون کئے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||