حرکت المجاہدین العالمی: گرفتاریاں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں پولیس نے ممنوعہ تنظیم حرکت المجاہدین العالمی کے مزید چھ کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے ایک پریس نوٹ کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزمان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان لوگوں کو پیر کی صبح گرفتار کیا گیا مگر آج بعض اخبارات میں ان کی گرفتاری کی خبر شائع ہوچکی ہے۔ پولیس نے پچھلے چند ہفتوں میں حرکت المجاہدین العالمی نامی تنظیم کے متعدد لوگ پکڑے ہیں اور پیر کو پولیس نے ایک پریس ریلیز جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزم کامران عرف عاطف کی نشاندہی پر کلاکوٹ کے علاقے سے چھ ملزم گرفتار کئے گئے ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی بھاری جمعیت نے ایک مکان کو محاصرہ میں لیا۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کی جس کے جواب میں پولیس نے جوابی فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے پھینکے۔ اعلامیہ کے مطابق مکان میں کوئی عقبی دروازہ نہیں تھا اس لئے ملزمان فرار نہ ہوسکے اورانہوں نے ہتھیار ڈال دئے۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں پولیس کو بتایا کہ ان کا تعلق حرکت المجاہدین العالمی سے ہے۔ انہوں نے پولیس کویہ بھی بتایا کہ وہ اپنے مبینہ کمانڈر کامران عرف عاطف کو پولیس کی حراست سے چُھڑانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور پولیس کے بعض سینئیر افسران کو خودکش حملوں میں ہلاک کرنے کا ارادہ بھی رکھتے تھے۔ پولیس نے پیر کو ان گرفتاریوں کا اعلان کیاہے، مگر پیر کو شائع ہونے والے اخبارات میں ان تمام لوگوں کی گرفتاری کی خبریں شائع ہوئی تھیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان لوگوں کو چند دن پہلے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس طرح مبینہ کمانڈر کامران عرف عاطف کے بارے میں پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ اِسے مسلح پولیس مقابلے کے بعد اُنیس مئی کو بفرزون کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس مقابلے میں ایک راہگیر خاتون بھی ہلاک ہوگئی تھی۔ مگر پولیس کی اپنی ایک پریس ریلیز کے مطابق، جو چھ اپریل کو جاری کی گئی تھی عاطف عرف کامران ان نو لوگوں میں شامل تھا جنہیں گلستان جوہر اور بوٹ بیسن سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس حکام یہ نہیں بتاسکے کہ کامران عرف عاطف یا عاطف عرف کامران جسے وہ ایک اہم ملزم قرار دے رہے ہیں کب اور کیوں رہا کیا گیا تھا اور اب یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سے دوبارہ پکڑا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||