BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 20 March, 2004, 14:03 GMT 19:03 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
وانا: پانچ عورتیں، چھ بچے ہلاک

News image
’جرگہ کی کامیابی کے امکانات کم ہیں‘
وانا میں اطلاعات کے مطابق ایک ویگن پر ہیلی کاپٹر کی فائرنگ سے پانچ عورتیں اور چھ بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔

وانا کے ہسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹر محمد یونس کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں دو بچوں سمیت چار افراد کو طبی امداد کے لئے داخل کیا گیا ہے۔

اس واقعے پر کوئی سرکاری رد عمل نہیں آیا۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد ایک گاڑی میں بیٹھ کر اس علاقے سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے جہاں پاکستانی فوج اور مشتبہ شدت پسندوں کے درمیان لڑائی ہو رہی ہے۔

اس سے قبل پاکستان میں حکام نے کہا تھا کہ قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں گزشتہ تین روز کی کارروائی کے دوران القاعدہ اور طالبان سے تعلق کے شبہ میں ایک سو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

پشاور میں بی بی سی اردو ڈاٹ کام سے بات چیت میں قبائلی علاقوں میں سکیورٹی کے نگران برگیڈیئر ریٹائرڈ محمود شاہ نے بتایا کہ کارروائی اگلے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے جس میں علاقے میں مکانات کی تلاشی لی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام علاقے کی دو سمتوں، مشرق میں شین ورسک اور مغرب میں کلوشہ سے کیا جا رہا ہے۔ اب تک پچاس سے ساٹھ مکانات کی تلاشی لی جا چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مزید دو عرب باشندوں کی لاشیں بھی برآمد کی گئی ہیں البتہ انہوں نے اس سے زیادہ تفصیل بتانے سے گریز کیا۔ اس طرح مجموعی طور پر اب تک چار افراد کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔

حراست میں لئے جانے والوں میں غیرملکیوں کے علاوہ القاعدہ اور طالبان کے مقامی حامی بھی شامل ہیں۔

وانا میں قائم چیک پوسٹ

علاقے میں القاعدہ کے کسی بڑے رہنما کی موجودگی کے بارے میں برگیڈیئر ریٹائرڈ محمود شاہ نے کہا کہ اس بارے میں اب وہ اتنے پراُمید نہیں کہ جتنے کارروائی کے آغاز میں تھے۔ انہوں نے کسی اہم رہنما کے رات کی تاریکی میں فرار ہونے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا البتہ یہ ضرور کہا کہ اس کا امکان بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن کے نمبر دو ڈاکٹر ایمن الظواہری کے بارے میں ان کا اندازہ اب بھی صرف ایک اندازہ ہے۔

انہوں نے پہلی مرتبہ اس کارروائی میں امریکی طیاروں کی علاقے پر نظر رکھنے کی بھی تصدیق کی اور کہا کہ یہ پاکستان حکومت کی درخواست پر ہوا ہے۔ تاہم انہوں نے زمین پر کسی امریکی فوجی کی موجودگی کو مسترد کر دیا۔

مذاکرات کے لئے کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے محمود شاہ نے کہا کہ حکومت قبائلیوں کے ساتھ قبائلی روایات کے تحت چلنے کی بھی خواہاں ہے۔ البتہ انہوں نے واضع کیا کہ سرکاری موقف میں اس بات پر کوئی لچک نہیں کہ تمام غیر ملکیوں کو اس علاقے سے ہمیشہ کے لئے نکل جانا ہوگا۔

اس کے علاوہ یہ بھی توقع ہے گورنر سرحد کی ہدایت پر قائم جرگہ سنیچر یا اتوار کو وانا پہنچ کر مقامی قبائل سے بات چیت کی کوشش کرے گا۔ البتہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اس جرگہ کی کامیابی کے امکانات کم ہیں۔ ان ذرائع کے مطابق اس کی ایک وجہ جرگہ میں شامل حکومت کے مراعات یافتہ افراد ہیں اور دوسری وجہ مزاحمت کرنے والے قبائل تک رسائی کے کم امکانات ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد