| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
کوئٹہ: دھماکوں میں دو زخمی
کوئٹہ کےگنجان آباد علاقے عبدالستار روڈ کے قریب ایک کوچے میں دو زبردست بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں کم سے کم دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ علاقے میں خوف کی فضا پائی جاتی ہے۔ دونوں دھماکوں میں آدھے گھنٹے کا وقفہ تھا۔ ہفتے کی شام پہلا دھماکہ پونے نو بجے اور دوسرا سوا نو بجے کے لگ بھگ ہوا۔ دھماکے سے ایک شخص سلطان محمد زحمی ہوئے ہیں جبکہ دھماکوں کے بعد بھگدڑ سے بھی کئی افراد زخمی ہوئے ہیں، لیکن سول ہسپتال میں موجود ڈاکٹر شمس دوتانی نے بتایا کہ بھگدڑ سے زخمی ہونے والا صرف ایک شخص ہسپتال پہنچاہے۔ پہلے دھماکے کے بعد علاقے میں بھگدڑ کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگئی اور لوگ گلی کوچوں کی طرف بھاگنے لگے، جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں نے جائے وقوعہ کی طرف جا نا چاہا تاہم موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں روک دیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس نے بتایا ہے کہ دو دھماکوں کے درمیان وقفے کا مقصد لوگوں کو نقصان پہنچانا مقصود تھا جس وجہ سے جائے واردات کی طرف کسی کو جانے نہیں دیا گیا۔ یاد رہے کہ ماہ رمضان میں سیٹلائیٹ ٹاؤن کے علاقے میں ہونے والے دھماکے میں کم سے کم نو افراد زخمی ہوگئے تھے، جن میں دو صحافی بھی شامل تھے۔ یہ دھماکے اسی طری چند منٹوں کے وقفے سے ہوئے تھے اور دوسرے دھماکے کے وقت پولیس اہلکاروں کے علاوہ صحافی بھی موجود تھے۔ نامعلوم افراد نے ٹیلیفون کرکے کہا ہے کہ ان دھماکوں کی زمہ داری بلوچ لبریشن آرمی قبول کرتی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ یہ بلوچستان کے حقوق کی جنگ کے لیے کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ دنوں چیف سیکرٹری بلوچستان میجر اشرف ناصر سے جب بی ایل اے کے بارے میں معلوم کیا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ اس تنظیم کا کو ئی وجود نہیں ہے جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان شعیب سڈل نے کہا تھا کہ ان دھماکوں کے پیچھے سیاسی مقاصد ہو سکتے ہیں ۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ اڑھائی ماہ سے بم دھماکوں اور راکٹ فائرنگ کے واقعات میں خاطر حواہ اضافہ ہوا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||