مستونگ میں تعمیراتی منصوبے پر حملہ، دو مزدور ہلاک

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں سڑک کے تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے دو مزدور ہلاک ہوگئے ہیں۔
مستونگ انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ضلع دشت کے علاقے اسپلنجی میں پیش آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس علاقے میں سڑک کے ایک منصوبے پر کام ہو رہا ہے جہاں مسلح افراد نے وہاں پر منصوبے میں استعمال ہونے والی مشینوں کی چوکیداری پر فائض مزدوروں پر حملہ کیا۔
دونوں مزدوروں کی لاشوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہلاک کیے جانے والے مزدوروں کا تعلق کوئٹہ کے علاقے سریاب سے تھا۔
اس حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم یونائیٹد بلوچ آرمی نے قبول کی ہے۔
تنظیم کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ روڈ پر کام کے لیے جو مشنری تھی اس کو بھی جلا دیا گیا ہے تاہم انتظامیہ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق نہیں کی۔
بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے سڑکوں اور بعض دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے کارکنوں اور انجینیئروں پر پہلے بھی حملے ہوتے رہے ہیں۔
اس علاقے میں اس سے پہلے ستمبر 2012 میں بھی سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 10 مزدور ہلاک ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سرکاری حکام ان حملوں کو دہشت گردی کے واقعات اور یہاں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے اقدامات قرار دیتے رہے ہیں۔
اس کے برعکس جو تنظیمیں ان کارروائیوں بالخصوص سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر کام کرنے والوں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہیں ان کا کہنا ہوتا ہے کہ یہ منصوبے بلوچ عوام اوران کے مفاد کے خلاف ہیں اور یہ عسکری نقل و حمل کے لیے بنائے جا رہے ہیں۔







