پاناما لیکس: نواز شریف کے بچوں سمیت 450 کو نوٹس جاری

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاناما لیکس میں سینکڑوں پاکستانیوں کی طرف سے آف شور کمپنیوں کے مالکان کی حیثیت سے نام آنے کے بعد ابتدائی طور پر ساڑھے چار سو پاکستانیوں کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔
جن اہم شخصیات کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اُن میں وزیر اعظم کے دو صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کے علاوہ بیٹی مریم نواز کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ حزب مخالف کی دوسری بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین اور علیم خان کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
ایف بی آر کے ایک اہلکار کے مطابق یہ نوٹسز یکم جولائی سے نافد ہونے والے نئے قوانین کی تحت جاری کیے گئے ہیں جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو دس سال تک کے انکم ٹیکس کے گوشواروں کے بارے میں کسی شخص سے پوچھ گچھ کرسکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
اہلکار کے مطابق جن افراد کو بیرون ملک آف شور کمپنیاں بنانے سے متعلق نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اُن میں زیادہ تعداد کاروباری طبقے سے تعلق رکھتی ہے اور اُن میں سے زیادہ افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے جبکہ صوبہ سندھ اور بالخصوص کراچی دوسرے نمبر پر ہے۔
اہلکار کے مطابق جن افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اُنھیں کہا گیا ہے کہ وہ دو ہفتوں میں اس کا جواب دیں کہ ان آف شور کمپنیز بنانے کے اُن کے ذرائع آمدن، ان کمپنیوں میں کی گئی سرمایہ کاری کی مالیت اور رقم کو بیرون ملک بھجوانے کے طریقہ کار کے بارے میں بھی حکام کو تفصیلی آگاہ کریں۔
حزب مخالف کی جماعتیں وزیر اعظم کے بچوں کا نام پاناما لیکس میں آنے کے بعد میاں نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ تاہم وزیر اعظم حزب مخالف کی جماعتوں کا مطالبہ ماننے کو تیار نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے اس ضمن میں ملک بھر میں تحریک احتساب بھی شروع کر رکھی ہے۔







