خیبر ایجنسی: ’فوجی کارروائی میں 14 دہشت گرد ہلاک‘

پاکستان فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق ملک کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحد سے متصل وادی راجگُل میں شروع کیے جانے والے آپریشن میں 14 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی نے آئی آیس پی آر کے حوالے سے بتایا کہ زمینی اور فضائی کارروائی میں 11 شدت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔
٭ <link type="page"><caption> خیبر پختونخوا میں اسلحہ خریدنے کی شرح میں اضافہ</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/pakistan/2016/08/160812_kpk_arms_sale_increase_rwa" platform="highweb"/></link>
آئی ایس پی آر کے مطابق فضائی اور زمینی کارروائی میں شدت پسندوں کے اہم ٹھکانوں کا نشانہ بنایا گیا ہے اور دروں کی گذرگاہیں تباہ کی ہیں جبکہ شدت پسندوں کے نو ٹھکانوں کو فضائی حملوں اور زمینی آپریشن کے دوران تباہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل منگل کی صبح پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا تھا کہ ملک کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں تیراہ کی وادی راجگُل میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ٹوئٹر پر شائع کیے جانے والے پیغام کے مطابق اس آپریشن کا مقصد خیبر ایجنسی کے بلند و بالا پہاڑی علاقوں اور ہر موسم میں استعمال ہونے والے دروں میں شدت پسندوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنا ہے۔
پیغام میں بتایا گیا ہے کہ اس آپریشن کے دوران خیبر ایجنسی میں پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں تعینات فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ اعلان ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بنائے جانے والے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
اس کمیٹی کی سربراہی قومی سلامتی کے امور کے لیے وزیرِ اعظم کے مشیر جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کو سونپی گئی ہے۔
اس اجلاس میں سول آرمڈ فورسز کے مزید 29 ونگز کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ سرحدی انتظام اور ملک میں سکیورٹی کی داخلی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔

گذشتہ ہفتے کوئٹہ کے ایک ہسپتال میں ہونے والے خودکش حملے میں بڑے پیمانے پر ہونے والی جانی نقصان کے بعد فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملک بھر میں ’کومبنگ آپریشن‘ کا حکم دیا تھا جس کے بعد قبائلی علاقوں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔
ان کارروائیوں کے دوران 12 اگست کو خیبر ایجنسی ہی کے علاقے شاہ کس میں ایک کارروائی میں مبینہ طور پر سرحد پار سے آئے چار خودکش حملہ آوروں کو بارود سے بھری پانچ جیکٹوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔
دور افتادہ علاقہ
خیبر ایجنسی سے ہمارے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کے مطابق یہ دشوار گزار سرحدی علاقہ ہے جس کا بڑا حصہ گھنے جنگلات سے ڈھکا ہوا ہے۔ اس کی سرحد افغانستان کے صوبہ ننگرہار سے ملتی ہے۔ اس علاقے میں کوکی خیل قبائلی آباد ہیں۔
اس دور افتادہ علاقے میں کئی شدت پسند تنظیمیں سرگرمِ عمل ہیں جن میں لشکرِ اسلام، تحریکِ طالبان پاکستان اور دوسری تنظیمیں شامل ہیں جن کے ارکان علاقے کے جغرافیے سے فائدہ اٹھا کر آسانی سے سرحد کے پار آتے جاتے رہتے ہیں۔
آپریشن خیبر ٹو
یاد رہے کہ آرمی پبلک سکول حملے کے بعد فوج نے فروری 2015 خیبر ایجنسی میں خیبر ٹو کے نام سے فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
یہ آپریشن سرحدی علاقوں وادی تیراہ اور دیگر ان علاقوں میں کیا گیا جہاں پہلے سکیورٹی فورسز کی کوئی عمل داری نہیں تھی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے نتیجے میں کالعدم تنظیموں لشکر اسلام اور تحریک طالبان پاکستان کے جنگجوؤں کو علاقے سے نکال کر افغانستان کی جانب دھکیل دیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہBBC Urdu
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران ان اہم مقامات پر بھی قبضہ کر لیا گیا جہاں پہلے اکثر اوقات مشکل آنے کی صورت میں شدت پسند سرحد پار کر کے دوسرے علاقوں میں فرار ہوجایا کرتے تھے۔
آپریشن خیبر ٹو کے دوران 50 کے قریب سکیورٹی اہلکار ہلاک اور سو سے زیادہ زخمی ہوئے۔
یہ آپریشن جولائی 2015 میں کامیابی کے اعلان کے ساتھ ختم کر دیا گیا تھا، تاہم میڈیا کو اس علاقے تک آزادانہ رسائی نہیں جس سے یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ سکیورٹی فورسز اپنے اہداف حاصل کرنے میں کس حد تک کامیاب رہیں۔







