’اپنا لائسنس یافتہ اسلحہ صحیح وقت اور جگہ استعمال کریں‘

- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے کراچی کے شہریوں کو اپنا لائسنس یافتہ اسلحہ صحیح وقت اور صحیح جگہ پر استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
آئی جی سندھ کراچی میں ایک شہری یاسر جمیل کو انعام دینے کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ یاسر جمیل نے تھانہ رضویہ کی حدود میں ڈکیتی کی ایک واردات کی مزاحمت کرتے ہوئے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں ڈاکو شدید زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہوگئے تھے۔
آئی جی سندھ نے یاسر جمیل کو بہادری اور جراُت کا مظاہرہ کرنے پر پولیس کی جانب سے 50 ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سند دی۔
اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ ایک عام شہری نے اپنے لائسنس یافتہ ہتھیار کو صحیح موقعے اور صحیح جگہ استعمال کیا جو ایک خوش آئندہ بات ہے۔

آئی جی سند کا کہنا تھا کہ جس کے پاس بھی لائسنس یافتہ اسلحہ موجود ہے اس کو اپنا دفاع کرنے کا مکمل حق ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’پولیس شہریوں کی مدد کے لیے کام کرتی ہے اور شہری پولیس کے لیے مددگار بنتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یاسر جمیل نے بہادری کا مظاہرہ کیا۔ اس معاشرے کے دفاع اور جرائم سے لڑنا سب کا فرض ہے۔ اگر آپ کے گھر میں چور گھس آئے گا تو کیا آپ مزاحمت نہیں کریں گے؟‘
انھوں نے گذشتہ ہفتے صدر ایمپریس مارکیٹ کے قریب حملے میں دو فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس وقت آرمی کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا اگر وہاں موجود شہری ہمت کرتے تو وہ دہشت گرد بھاگ نہیں سکتے تھے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ جرائم کے خلاف یقینی کامیابی کے لیے شہریوں کو پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کو نہ صرف یقینی بنانا ہوگا بلکہ اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار کی بدولت ایک پر امن اور مثالی معاشرے کے قیام کے لیے بھی تمام تر کاوشیں کرنی ہوں گی۔
واضح رہے کہ کراچی میں گذشتہ چند سالوں میں درجن سے زائد ایسے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں جن میں شہریوں نے موبائل چھیننے والوں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔







