خیبر پختونحوا میں شدید بارشیں، چار افراد ہلاک

- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں حکام کے مطابق منگل کی رات سے شروع ہونے والی شدید بارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں کم سے کم نو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مون سون کی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں صوبے کے مختلف اضلاع میں مکانات اور دیواریں گرنے کے کئی واقعات پیش آئے جس میں اب تک چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بیان کے مطابق مرنے اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ایبٹ آباد اور دیر بالا کے اضلاع سے ہے جہاں بارشوں کے باعث پانچ مکانات بھی تباہ ہوگئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمۂ موسمیات کی جانب سے شمالی علاقہ جات میں گلیئشیرز پھٹنے کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ علاقوں کے حکام کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ محکمۂ موسمیات نے رواں سال ملک بھر میں 30 فیصد کے قریب زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس سے پہاڑی علاقوں میں سیلاب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ضلع دیر بالا میں پولیس کا کہنا ہے کہ مسافروں سے بھری ایک گاڑی کھائی میں گرنے سے کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دیر بالا کے ضلعی پولیس سربراہ اطہر وحید نے بی بی سی کو بتایا کہ دیر بالا کے دور افتادہ علاقے تھانہ کوہستان کی حدود میں ایک گاڑی تنگ پہاڑی راستے پر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری جس سے پانچ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔
ضلعی پولیس سربراہ نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی کہ یہ واقعہ بارشوں کے باعث پیش آیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ راستہ تنگ تھا اور جس وقت ڈرائیور موڑ کاٹ رہا تھا اسی وقت بس اس سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔
اطہر وحید کے مطابق مرنے والے افراد شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد واپس آ رہے تھے۔







