کویت میں آتشزدگی سے بچوں سمیت نو پاکستانی ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
کویت میں حکام کا کہنا ہےکہ ایک عمارت میں آگ لگنے سے ایک پاکستانی خاندان کے نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خر رساں ایجنسی اے ایف پی نے کویتی وزارتِ صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ آگ کویت سٹی میں واقع ایک پرانی عمارت میں لگی۔
کویت میں پاکستانی سفارت خانے کے کمیونٹی ویلفیئر افسر عزیز احمد سلہریاں نے بی بی سی اردو کے نامہ نگار ذیشان ظفر کو بتایا کہ کویت سٹی میں واقع ایک عمارت میں آگ لگنے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں خاندان کا سربراہ آصف، ان کے دو بیٹے، دو بیٹیاں، بیوی، والدہ، ایک بھابی اور بھتیجا شامل ہے۔
اہلکار کے مطابق آصف کا ایک بھائی آتشزدگی کے واقعے میں زخمی ہوا ہے جبکہ ایک بھائی واقعے کے وقت گھر میں موجود نہیں تھا۔
انھوں نے بتایا کہ ابھی تک آتشزدگی کی وجوہات کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا البتہ ابتدائی معلومات کے مطابق شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی۔
انھوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستانی سفارت خانے کے اہلکار ہسپتال میں موجود ہیں تاکہ ہلاک شگان کی میتوں کی وطن واپسی کے انتظامات کیے جا سکیں۔
وزیر اعظم نواز شریف نے اس واقعے میں ہلاک والوں کی میتوں کی پاکستان واپسی کے لیے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کو اتنظامات کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ کام او ایف پی اور پاکستانی سفارتخانے اور دفتر خارجہ کے مشترکہ تعاون سے سرانجام دیا جائے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے زرتلافی نقصان کی بھی تین دن کے اندر ادائیگی کے جانی چاہیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر میاں چنوں سے بتایا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ کویت کی 43 لاکھ آبادی میں کا 70 فیصد غیر ملکی ہیں جن میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ہے۔







