پیمرا کی ٹی وی کے پروگرام پر پابندی، عدالت کا حکم امتناعی

سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا کی ریگولیٹری اتھارٹی یعنی پیمرا کی جانب سے جیو نیوز کے پروگرام ’انعام گھر‘ کی نشریات پر تین روز کی پابندی پر حکم امتناعی جاری کیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس شاہ نواز طارق نے منگل کو کیس کی سماعت کرتے ہوئے نوٹس جاری کیے اور چار جولائی تک حکم امتناعی جاری کیا۔
اس سے قبل پیمرا نے جیو نیوز کے پروگرام ’انعام گھر‘ کی نشریات پر منگل سے تین روز کے لیے پابندی عائد کی تھی۔
پیمرا نے اس شو کے تین پرگراموں میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی تھی۔
پیمرا کے مطابق 6 جون کے شو میں ایک مہمان لڑکی کو خود کشی کی تمثیل کرتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ ایک شو میں مہمان نے غیر مہذب الفاظ ادا کیے جو نشر ہوئے اور 25 جون کے شو میں ایک نامناسب کال موصول کی گئی۔
پیمرا کے اعلامیے کے مطابق ادارے کے ایک ممبر نے ایک ایسی ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں عامر لیاقت ایک کھمبے سے لپٹ کر گانا گا رہے ہیں۔
پیمرا کا دعویٰ ہے کہ اس کے پاس شو کے بارے میں ناظرین کی ہزاروں شکایتی درخواستیں آئی ہیں۔
یاد رہے کہ پیمرا نے 6 جون کو ایک اعلامیہ جاری کیا تھا، جس میں خود کشی سمیت جرائم کی تمثیل کاری اور چادر و چار دیواری کی پامالی پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







