سکیورٹی گارڈ سے گولی چل گئی، پانچ طالبات زخمی

اس سے پہلے بھی ایک سکول استاد سے گولی چلنے سے پانچویں جماعت کا ایک طالب علم ہلاک ہوگیا تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشناس سے پہلے بھی ایک سکول استاد سے گولی چلنے سے پانچویں جماعت کا ایک طالب علم ہلاک ہوگیا تھا

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک سرکاری سکول کے سکیورٹی گارڈ سے غلطی سے گولی چلنے کے واقعے میں پانچ طالبات زخمی ہوگئی ہیں۔

صحافی انور شاہ کے مطابق تھانہ مدین کے ایس ایچ او محمد علی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مدین میں لڑکیوں کے سرکاری ہائی سکول میں جمعرات کی صبح آٹھ بجے کے قریب پیش آیا۔

ایس ایچ او کے مطابق چوکیدار رحیم اللہ کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیاگیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

زخمی ہونے والی طالبات کو مدین ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں کی انتظامیہ کے مطابق انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اس حوالے سکول انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر سے رابطے کی بہت کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں ملی۔

خیال رہے کہ سوات میں اس سے پہلے بھی ایک استاد کے ہاتھوں گولی لگنے سے پانچویں جماعت کا ایک طالب علم ہلاک ہوگیا تھا۔

دہشت گردوں کی جانب سے تعلیمی اداروں پر ہونے والے حملوں کے بعد حکومت اور مقامی انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات برقرار رکھنے کے لیے سکول چوکیداروں کو نہ صرف مسلح کیا تھا بلکہ انھیں دہشت گرد حملے ناکام بنانے کی تربیت بھی فراہم کی ہے۔ اس کے علاوہ اساتذہ کو بھی اسلحہ چلانے کی تربیت فراہم کی گئی تھی۔