کوئٹہ میں پولیس مقابلہ، چار مشتبہ شدت پسند ہلاک

پولیس اہلکار نے بتایا کہ چھ افراد سریاب کے علاقے میں مستونگ روڈ پر موٹر سائیکلوں پر جارہے تھے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنپولیس اہلکار نے بتایا کہ چھ افراد سریاب کے علاقے میں مستونگ روڈ پر موٹر سائیکلوں پر جارہے تھے
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس نے مقابلے میں چار مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق شدت پسندوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

ایک سینیئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ چھ افراد سریاب کے علاقے میں مستونگ روڈ پر موٹر سائیکلوں پر جارہے تھے۔

سڑک پر ایک گاڑی میں معمول کی گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے انھیں کو رکنے کا اشارہ کیا مگر رکنے کی بجائے انھوں نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ گشت پر مامور اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ سینیئر اہلکار نے دعویٰ کیا کہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ان میں سے چار شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ ان میں سے دو افراد فرار ہوگئے جبکہ جائے وقوعہ سے ایک کلاشنکوف، دو ٹی ٹی پسٹل اور دو دستی بم بھی برآمد کیے گئے۔

ہلاک ہونے والے چاروں افراد کی لاشوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

ہسپتال میں عینی شاہدین کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کو زیادہ تر گولیاں سر اور سینے میں لگی تھیں۔

بعض اطلاعات کے مطابق ان افراد کا تعلق ایک مذہبی شدت پسند تنظیم سے تھا اوران میں سے ایک تنظیم کا کوئٹہ میں امیرتھا۔ تاحال آزاد ذرائع سے ان چاروں افراد کی مقابلے میں مارے جانے اور کسی تنظیم سے تعلق کی تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔