شیخوپورہ میں مبینہ مقابلے میں ’سات شدت پسند ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ کے نواح میں پولیس اور محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کے اہلکاروں سے فائرنگ کے تبادلے میں سات شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
یہ مبینہ مقابلہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب شرقپور کے علاقے میں شیخوپورہ اور شرقپور کو ملانے والی سڑک پر ہوا۔
ہلاک ہونے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کے اہلکاروں کی ایک ٹیم نے علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تو ان پر فائرنگ کی گئی۔
حکام کے مطابق جوابی فائرنگ سے موٹر سائیکلوں پر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے سات شات پسند مارے گئے۔
ہلاک شدگان کی شناخت اٹک سے تعلق رکھنے والے اویس عثمان، جھنگ کے ندیم عباس، باجوڑ ایجنسی کے رضوان کے علاوہ میاں غوری، ضیا اسلم، شفیع اللہ اور لالہ زاد کے ناموں سے کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق شدت پسندوں کے قبضے سے کلاشنکوفیں، بندوقیں، پستول اور دو کلو دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
اس واقعے کی ایف آئی آر لاہور کے انسداد دہشتگردی تھانے میں درج کروا دی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







