راولپنڈی میں نامعلوم افراد کا حملہ، ایڈیشنل سیشن جج ہلاک

،تصویر کا ذریعہbbc
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک مقامی جج کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے ایڈیشنل سیشن جج طاہر خان نیازی کے گھر میں داخل ہو کر انھیں نشانہ بنایا۔
پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ ایڈیشنل سیشن جج پر بدھ کی دوپہر حملہ کیا گیا جب وہ صادق آباد کے سی بلاک میں اپنے گھر میں موجود تھے۔
انھوں نے بتایا کہ ’تین نامعلوم مسلح افراد نے طاہر خان نیازی کے گھر میں داخل ہو کر انھیں گولیاں ماریں، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔‘
پولیس اہلکار کے مطابق ’ایڈیشنل سیشن جج کو سر اور سینے پر گولیاں ماری گئیں،انھیں فوری طبی امداد کے لیے بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ ڈکیتی کی واردات نہیں لگتی کیونکہ مسلح افراد ایڈیشنل سیشن جج پر حملہ کرنے کے بعد وہاں سے فوری طور پر فرار ہو گئے۔
بطور ایڈیشنل سیشن جج طاہر خان نیازی کے پاس قتل کے متعدد مقدمات زیرِ سماعت تھے۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال مارچ میں اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں فائرنگ اور خودکش دھماکوں کے نتیجے میں ایڈیشنل سیشن جج رفاقت احمد اعوان سمیت 11 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







