مردان: سیاسی کارکنوں میں جھڑپ میں چار افراد ہلاک

ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں وادی تیراہ کے دورافتادہ گاؤں سے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت اب نہیں ہو سکی جبکہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھڑپ میں چار افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں

وادی تیراہ سے ملنی والی لاشوں کے بارے میں ایسی اطلاعات ہیں کہ چاروں افراد سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوئے ہیں۔

یہ لاشیں جمعرات کو وادئ تیراہ میں مستک کے علاقے سے ملی ہیں ۔ یہ علاقہ خیبر ایجنسی کا ایک دورافتادہ گاؤں ہے جہاں مواصلات کا کوئی باقاعدہ انتظام نہیں ہے ۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی شناخت کی جا رہی ہے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ دو افراد کو تعلق خیبر ایجنسی سے ہی ہے۔

یہاں ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے جس میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ اس بارے میں آزاد زرائع کا کہنا ہے کہ انھیں کسی جھڑپ کی اطلاع نہیں ہے تاہم یہ ضرور ہے کہ چار لاشیں مستک کے علاقے سے ملی ہیں۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے
،تصویر کا کیپشنسرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے

چند روز پہلے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں بھی اسی طرح کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی جب تحصیل خویزئی سے چار افراد کی لاشیں ملی تھیں۔

ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھڑپ میں چار افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق یہ جھڑپ پاکستان تحریک انصاف اور عوامی نیشنل پارٹی کے کے کارکنوں کے درمیان ہوئی ہے۔

پارٹی جھنڈے کے تنازعے پر پشاور اور مردان میں چار سیاسی جماعتوں کے درمیان جھڑپوں میں سات افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ مردان کے علاقے ہوتی میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ ہوئی ہے جس میں پی ٹی آئی کے ایک کونسلر سمیت چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ جمعہ کے روز شام کے وقت پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپولیس کے مطابق علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے

مردان کے ضلعی پولیس افسر فیصل شہزاد نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ جھڑپ پارٹی کے جھنڈے پر ہوئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی ریلی عوامی نیشنل پارٹی کے ایک عہدیدار کی رہائش گاہ کے سامنے سے گزر رہی تھی جہاں پہلے دونوں جانب سے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور پھر اس کے بعد فائرنگ ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس جھڑپ میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں ایک پی ٹی آئی کے کونسلر ہیں جبکہ باقی تین میں زیادہ کا تعلق اے این پی سے بتایا گیا ہے۔ جبکہ زخمیوں میں زیادہ تر عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ابتدائی اطلاعات ہیں اور اس واقعے کی چھان بین کے لیے مذید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اس وقت علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔