عرب ممالک میں چھانٹیوں کا اثر پاکستان پر

    • مصنف, سارہ حسن
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان کی موجودہ حکومت کا کہنا ہے کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ملکی ذخائر ساڑھے 21 ارب ڈالر کی سطح سے تجاوز کر چکے ہیں، لیکن خلیجی ممالک میں ملازمت کے مواقع میں حالیہ کمی سے ترسیلاتِ زر کی مد میں آنے والے رقوم میں کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

احتشام حفیظ ان پاکستانیوں میں سے ایک ہیں جنھوں نے روزگار کی غرض سے مشرقِ وسطیٰ کا رخ کیا تھا۔

ساڑھے تین برس تک سعودی عرب کی ایک نجی کمپنی میں ملازم رہنے کے بعد چند ماہ قبل اُن کی نوکری ختم ہو گئی اور انھیں واپس آنا پڑا۔

احتشام آج کل بےروزگار ہیں اور نوکری تلاش کر رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں اب ملازمتیں بہت کم ہیں۔

’سعودیہ میں اب حالات پہلے جیسے نہیں رہے ۔ پہلے تنخواہیں اچھی تھیں لیکن اب کام بڑھ گیا ہے اور تنخواہیں آدھی کر دی ہیں۔ میں تو وہاں سے مایوس ہو کر واپس آ گیا ہوں۔‘

بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہر سال اربوں ڈالر پاکستان بھجواتے ہیں اور یہ رقوم پاکستان میں غیر ملکی زرمبادلہ کا دوسرا بڑا ذریعہ ہیں

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنبیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہر سال اربوں ڈالر پاکستان بھجواتے ہیں اور یہ رقوم پاکستان میں غیر ملکی زرمبادلہ کا دوسرا بڑا ذریعہ ہیں

احتشام نے بتایا کہ اُن کی کمپنی سے آٹھ سے دس افراد ایک ہی وقت میں بےروزگار ہو کر ملک واپس آئے ہیں۔

تیل کی دولت سے مالامال مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کو پاکستان کے کم تعلیم یافتہ لیکن ہنرمند افراد کے لیے منافع بخش مارکیٹ سمجھا جاتا تھا لیکن اب حالات بدل گئے ہیں۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے سعودی عرب کی طرح تیل سے حاصل ہونے والی آمدن پر انحصار کرنے والے ممالک میں خسارہ بڑھا ہے اور ترقیاتی اخراجات میں کمی کی گئی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ بڑی بڑی تعمیراتی کمپنیوں میں ملازمت کے مواقع پیدا نہیں ہو رہے۔

ریکروٹنگ کمپنیوں کے مطابق خلیجی ممالک اور سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کی کھپت کم ہوئی ہے
،تصویر کا کیپشنریکروٹنگ کمپنیوں کے مطابق خلیجی ممالک اور سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کی کھپت کم ہوئی ہے

ہنر مند پاکستانیوں کو بیرون ملک ملازمت دلوانے والی ریکروٹنگ کمپنیوں کے مطابق خلیجی ممالک اور سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کی کھپت کم ہوئی ہے۔

ایسی ہی ایک ریکروٹنگ کمپنی کے مالک اسد کیانی کہتے ہیں کہ سعودی عرب کی بڑی کمپنیوں میں ملازمتیں نہیں پیدا ہو رہیں اور بعض بڑی کمپنیاں تو اپنے ملازمین کو تنخواہیں بھی نہیں دے پا رہی ہیں۔

اسد کیانی کے مطابق ’پاکستان سے بہت زیادہ افراد باہر جانا چاہتے ہیں لیکن اب زیادہ نوکریاں نہیں ہیں۔‘

ملازمت کی غرض سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اکثریت مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں کام کر رہی ہے۔

ملازمت کی غرض سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اکثریت مشرقِ وسطی کے ممالک میں کام کر رہی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنملازمت کی غرض سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اکثریت مشرقِ وسطی کے ممالک میں کام کر رہی ہے

پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف 2014 میں مجموعی طور پر سات لاکھ 31 ہزار 639 افراد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک میں روزگار کے لیے منتقل ہوئے ہیں۔

بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہر سال اربوں ڈالر پاکستان بھجواتے ہیں۔ یہ رقوم پاکستان میں غیر ملکی زرمبادلہ فراہم کرنے والا دوسرا بڑا ذریعہ ہیں۔

رواں مالی سال میں جولائی سے اپریل کے دوران ترسیلات زر کی مدد میں 16ارب ڈالر پاکستان آئے، جن میں سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک سے بھیجی گئی رقم کی مالیت دس ارب 33 کروڑ ڈالر ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران ترسیلات زر کی مد میں سب زیادہ چار ارب 83 کروڑ ڈالر سعودی عرب سے آئے ہیں لیکن گذشتہ تین ماہ کے دوران سعودی عرب سے آنے والی اس رقم میں کمی آئی ہے۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ معاشی سست روی اور خسارے کی وجہ سے ملازمتوں میں کمی سے پاکستان کی ترسیلاتِ زر متاثر ہو سکتی ہیں۔

ماہر معاشیات ڈاکٹر عابد سلہری کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک میں مقیم زیادہ تر پاکستانیوں کو وہاں کی شہریت نہیں ملتی اور بیشتر کے خاندان پاکستان میں رہتے ہیں، اس لیے وہاں مقیم زیادہ تر افراد اپنی آمدن پاکستان بھجواتے ہیں۔

ڈاکٹر سلہری کے مطابق ترسیلات زر غیر ملکی زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہیں لیکن اس میں تنوع کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی افرادی قوت کی دوسرے ممالک میں مانگ پیدا کی جائے اور خدمات کی برآمدات پر توجہ دی جائے۔

ضروری ہے کہ پاکستانی افرادی قوت کی دوسرے ممالک میں مانگ پیدا کی جائے اور خدمات کی برآمدات پر توجہ دی جائے: عابد سلہری
،تصویر کا کیپشنضروری ہے کہ پاکستانی افرادی قوت کی دوسرے ممالک میں مانگ پیدا کی جائے اور خدمات کی برآمدات پر توجہ دی جائے: عابد سلہری

انھوں نے کہا کہ ’زرمبادلہ کے لیے ترسیلاتِ زر پر انحصار نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ دنیا میں پالیسیاں بدلتی رہتی ہیں اور پاکستان کے لیے تو اکثر ممالک اپنی غیر ملکی پالیسی سخت سے سخت تر کر رہے ہیں۔‘

پاکستان کے مرکزی بینک نے خبردار کیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافے اور ترسیلاتِ زر میں کمی سے ملکی معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان حالاتِ میں غیر ملکی زرمبادلہ کے لیے صرف ترسیلاتِ زر پر انحصار کے بجائے برآمدات اور علاقائی تجارت کو فروغ دینا چاہیے۔