پاکستان کی نیوکلیئر سپلائیرز گروپ میں رکنیت کے لیے درخواست

 پاکستان اور انڈیا نے این پی ٹی پر دستخط نہیں کیے ہیں
،تصویر کا کیپشن پاکستان اور انڈیا نے این پی ٹی پر دستخط نہیں کیے ہیں

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس نے جوہری تجارت کرنے والے ممالک کے گروپ میں شمولیت کے لیے باضابطہ درخواست دے دی ہے۔

انڈیا بھی اس نیوکلیئر سپلائیرز گروپ (این ایس جی) میں رکن کے طور پر شمولیت کا خواہاں ہے۔

نیوکلیئر سپلائیزر گروپ میں 48 ممالک شامل ہیں اور اس گروپ کا مقصد جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو جوہری ہتھیاروں میں استعمال ہونے والے عناصر کی برآمد اور منتقلی پر کنٹرول کے ذریعے روکنا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ بیان کے مطابق ’پاکستان کے پاس مہارت، انسانی قوت، انفراسٹرکچر اور اس کے ساتھ ساتھ این ایس جی کنٹرولڈ ساز و سامان اور خدمات اور جوہری تنصیبات کے پرامن استعمال کی فراہمی کی صلاحیت موجود ہے۔‘

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان این ایس جی پر زور دیتا ہے کہ وہ این ایس جی کی رکنیت کے لیے ان ممالک کے لیے غیر امتیازی طرز عمل اختیار کرے جو کبھی نان پرولیفریشن ٹریٹی (این پی ٹی) کا حصہ نہیں رہے ہیں۔‘

خیال رہے کہ پاکستان اور انڈیا نے این پی ٹی پر دستخط نہیں کیے ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان کہ وہ اپنی دفاعی صلاحتیوں کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنپاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان کہ وہ اپنی دفاعی صلاحتیوں کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا

گذشتہ سال امریکی صدر براک اوباما نے پاکستان سے اس کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہوسکتا ہے۔

واشنگٹن کو پاکستان کی نئے جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے خدشہ ہے جس میں نئے چھوٹے ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار شامل ہیں اور وہ کوشش کر رہا ہے کہ اسلام آباد جوہری پروگرام کو ’محدود‘ کرنے کا یک طرفہ اعلان کرے۔

اس سے قبل پاکستان نے جمعرات کو کہا تھا انڈیا کی جانب سے یکے بعد دیگرے میزائلوں کے تجربات پر پاکستان کو گہری تشویش ہے اور پاکستان اپنی دفاعی صلاحتیوں کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

خیال رہے کہ این ایس جی کا قیام سنہ 1974 میں انڈیا کی جانب سے اس کے پہلے جوہری تجربے کے بعد عمل میں آیا تھا اور آئندہ جون میں اس کا اجلاس منعقد ہوگا۔