’پہلے اپنی صفائی دوں گا پھر وزیرِاعظم سے سوال کروں گا‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پارلیمنٹ میں حزب مخالف کی دوسری بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انھوں نے وزیرِ اعظم نواز شریف سے جو سوالات کیے ہیں انھی کے جوابات وہ پہلے اپنی ذات کے حوالے سے دینا چاہتے ہیں۔
پیر کی صبح برطانیہ سے واپسی کے بعد بنی گالہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ بڑی بےصبری سے وزیر اعظم کی قومی اسمبلی میں تقریر کا انتظار کر رہے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے کہ وزیرِاعظم ان کی تقریر سننے کے لیے پارلیمنٹ میں رکیں گے یا نہیں۔
* <link type="page"><caption> ’بچاؤ کا راستہ اپوزیشن اور حکومت کے اتفاق میں‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/pakistan/2016/05/160515_nawaz_panama_options_zz" platform="highweb"/></link>
ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے اپنی آف شور کمپنی کے بارے میں وضاحتی بیان دینا چاہتے ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ حزب مخالف کی جماعتیں یہ اُمید کر رہی ہیں کہ میاں نواز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں سات سوالوں کے جواب دیں گے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ان کا کہنا تھا کہ ’ایک لیڈر پر جب کوئی بات آتی ہے تو وہ الٹا الزامات نہیں لگاتا بلکہ صفائی پیش کرتا ہے کیونکہ وہ عوام کو جواب دہ ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کو مخاطب کر کے کہا ’میں آج صفائی پیش کروں گا۔ جو جواب میں دوں گا وہ بھی وہی جواب دیں۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو اپنی تقریر کے بعد حزب مخالف کی جماعتوں کے قائدین کی تقاریر سننی پڑیں گی اور پاناما لیکس کے بارے میں حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے متفقہ طور پر پوچھے گیے سات سوالوں کا جواب دیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا حکومتی خط کا جواب حزب مخالف کی جماعتوں کے موقف کی تائید ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
دوسری جانب حزب مخالف کی جماعتوں کا اجلاس قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو رہا ہے جس میں پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے چیف جسٹس کا حکومت کو لکھے جانے والے خط اور اس معاملے کے لیے ضوابط کار طے کرنے سے متعلق غور کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا بھی حزب مخالف کی جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کا امکان ہے۔
موجودہ پارلیمنٹ میں یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ قائد حزب اختلاف کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں عمران خان شریک ہوں گے۔
دوسری جانب آج کے قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کے لیے حکومتی اہلکاروں کا اہم اجلاس وزیر اعظم کی سربراہی میں وزیر اعظم ہاؤس میں جاری ہے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے قریبی رفقا کے علاوہ حکومتی اتحاد میں شامل سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہیں۔







