’میرے تمام اثاثے ڈیکلیئر ہیں‘

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, شمائلہ جعفری
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس میں ان کا نام شامل ہونے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔

ان کی کمپنی اور لندن میں موجود چار فلیٹس کے تفصیلات ایف بی آر کے پاس موجود ہیں۔انھیں عمران خان کا ساتھ دینے کی وجہ سے حکمران اور چند صحافی نشانہ بنا رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ انھوں نے حلقہ این اے 122 کا انتخاب لڑتے ہوئے اپنے اثاثوں کی تمام تر تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کروائی تھیں۔ ان کے اثاثوں کی مالیت تین لاکھ اکیاسی ہزار پاونڈ ہے۔ اگر انھوں نے کوئی کمپنی چھپائی ہے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

’میرا ہر اثاثہ ڈیکلیئرڈ ہے۔ تمام اثاثوں کی بینک فنانسنگ کے کاغذات موجود ہیں جس نے دیکھنا اور حساب کرنا ہے آکر کر لے۔ میں تین لاکھ اکیاسی ہزار پاونڈ کا ذمے دار ہوں اور جوابدہ ہوں۔ اب باقی حکمران بھی بتائیں کہ ان کے اثاثے کہاں کہاں ہیں اور ظاہر کیوں نہیں کیے گئے۔‘

علیم خان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس میں تیسری مرتبہ ان کا نام آنے کی کوئی منطق نہیں ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا حکومت اور چند صحافی انھیں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بدنام کر رہے ہیں اور اس مقصد کے وزیراعظم ہاوس میں میڈیا سیل قائم کیا گیا ہے۔

’اگر حکمران سمجھتے ہیں کہ میں عمران خان کا ساتھ دینے سے پیچھے ہٹ جاوں گا تو میں عمران خان کا ساتھ کسی صورت نہیں چھوڑوں گا۔ میں حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ میرے خلاف نیب میں کیس لگوا دیں مجھے ایف آئی اے کے حوالے کردیں مجھے پولیس سے اٹھوا دیں مجھے جیل بھجوا دیں میں عمران خان کے ساتھ ہوں اور رہوں گا۔‘

چند ہفتے پہلے ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی رپورٹس میں دعوی کیا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے لندن میں آف شو کمپنی کے ذریعے جائیداد خریدی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران علیم خان نے ان تمام رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیا۔