بلوچستان کے ضلع کیچ سے تین سرکاری ملازم اغوا

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع کیچ سے تین سرکاری ملازمین سمیت چار افراد کو اغوا کیا گیا ہے۔
کیچ میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چاروں افراد کو ضلع کے علاقے دشت سے اغوا کیا گیا۔
اہلکار کے مطابق اغوا ہونے والوں میں تین سرکاری ملازم اور ایک ٹھیکیدار شامل ہیں۔
مغوی ملازمین میں ایک ایس ڈی او اور دو سب انجینیئر شامل ہیں۔
ان ملازمین کا تعلق محکمہ مواصلات و تعمیرات محکمہ آبپاشی سے بتایا جاتا ہے۔
ان افراد کے اغوا کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔
ضلع کیچ کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں حالات کی خرابی کے بعد سے اغوا سمیت بدامنی کے دیگر واقعات کمی و بیشی کے ساتھ رونما ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
ادھر کوئٹہ سے بھی سنیچر کی شب ایک تاجر کو اغوا کیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
زرغون آباد پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تاجر کو کلی الماس کے علاقے سے اغوا کیا گیا جبکہ گذشتہ ہفتے کوئٹہ سے ایک سینیئر ڈاکٹر کو بھی اغوا کیا گیا تھا۔
کوئٹہ سے تاجر اور سینیئر ڈاکٹر کے اغوا کے محرکات بھی تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔
بلوچستان سے اغوا کے واقعات کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے تاہم سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں ان میں کمی آئی ہے۔







