’پنجاب میں دہشت گردوں کی پشت پر کون تھے؟‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف پاناما لیکس پر جواب دینے کے بجائے ملک میں دورے کر رہے ہیں اور معاملے پر سے توجہ ہٹانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
جمعے کو اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے وزیر اعظم سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ’پاناما پیپرز پر جواب دینے کے بجائے وزیراعظم معاملے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ جمعے کو سکھر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے سلسلے میں سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے تینوں ادوار میں ایک دھیلے کی بھی کرپشن نہیں کی اور ملک میں دھرنے کی سیاست کرنے والوں اور دہشت گردوں کا ایجنڈا ایک ہی یعنی عدم استحکام ہے۔
ان کے اس بیان پر عمران خان نے کہا کہ ’مجھے بتائیں کہ پنجاب کے اندر کون سے لوگ دہشت گردوں کی پشت پر تھے؟ تحریک انصاف نہیں تھی۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ ’احتجاج جمہوریت کا حسن ہے، تمام مغربی ممالک میں پرامن احتجاج ہوتا ہے، اسے کہیں دہشت گردی قرار نہیں دیا جاتا۔‘
انھوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دو حصوں میں تقسیم ہو گیا ہے۔
’ایک کرپشن پچاؤ تحریک ہے جو آپ لیڈ کر رہے ہیں، اور دوسری طرف سارا پاکستان کرپشن ہٹاؤ تحریک کے ساتھ کھڑا ہے، یہ تحریک جلسے، جلوسوں اور بلیک میلنگ سے ختم نہیں ہوگی۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’نواز شریف کے بچوں کا پاناما پیپرز میں نام آیا ہے، انھیں پیسہ بھجوانے کی تفصیلات سے آگاہ کرنا ہوگا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاہور میں ہونے والے جلسے میں پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا تھا کہ ’ہمیں دو سو نہیں، صرف وزیراعظم کا احتساب چاہیے، وہ حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔‘
دوسری جانب گذشتہ دنوں پی ٹی آئی کی جانب سے ’ کرپشن مٹاؤ ملک بچاؤ‘ نعرے کے تحت مارچ کا آغاز بھی کیا گیا ہے، جس کی قیادت شاہ محمود قریشی کر رہے ہیں۔







