شدت پسندی کا خطرہ،’مال روڈ پر جلسے کی اجازت نہیں ملی‘

مال روڈ پر جلسہ کی اجازت کے لیے تحریک انصاف نے لاہور کی ضلعی انتظامیہ کو درخواست دے رکھی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمال روڈ پر جلسہ کی اجازت کے لیے تحریک انصاف نے لاہور کی ضلعی انتظامیہ کو درخواست دے رکھی ہے
    • مصنف, عبدالناصر خان
    • عہدہ, صحافی، لاہور

پاکستان کے شہر لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں شدت پسندی کے عمومی اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو درپیش خطرات کے پیش نظر تحریک انصاف کو یکم مئی کو لاہور کے مال روڈ پر جلسہ کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

انتظامیہ نے جلسے کے انعقاد کے لیے متبادل جگہیں تجویز کی ہیں تاہم تحریک انصاف مال روڈ پر ہی جلسہ کرنے پر بضد ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس میں وزیراعظم نوازشریف کے بیٹوں کے نام آف شور کمپنیوں کے ذکر پر ان کے خلاف تحریک چلا رہی ہے۔

تحریک انصاف کے راہنماء عمران خان نے وزیراعظم نوازشریف پر دباؤ بڑھانے کے لیے رائے ونڈ میں ان کے گھر کے گھیراؤ کی دھمکی بھی دی تھی تاہم اس سے پہلے انھوں نے اتوار یکم مئی کو لاہور کے مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مال روڈ پر جلسہ کی اجازت کے لیے تحریک انصاف نے لاہور کی ضلعی انتظامیہ کو درخواست دے رکھی ہے تاہم ضلعی حکومت تاحال اس کی اجازت دینے سے گریزاں ہے، اس سلسلے میں رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال کی قیادت میں تحریک انصاف کے ایک وفد نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ضلعی انتظامیہ سے طویل مذاکرات کیے لیکن دونوں اپنی اپنی بات پر قائم رہے اور مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔

انتظامیہ نے لاہور میں جلسے کے لیے متبادل مقامات کی پیشکش کی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنانتظامیہ نے لاہور میں جلسے کے لیے متبادل مقامات کی پیشکش کی ہے

مذاکرات کے بعد لاہور کے ڈی سی او کی جانب سے جلسہ کے چیف آرگنائزر عبدالعلیم خان کے نام لکھے گئے خط میں ان سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے نمائندوں کو لاہور شہر میں شدت پسندی کے خدشے اور خاص طور پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو درپیش خطرے سے آگاہ کیا گیا۔

تحریک انصاف کے قائدین کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے مال روڈ پر جلسے جلوس منعقد کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، اس لیے وہ جلسے کے لیے کسی متبادل بند جگہ کا انتخاب کریں جہاں انھیں بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا سکے لیکن تحریک انصاف کے نمائندے اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کر سکے۔

معلوم ہوا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو مال روڈ کے بجائے پنجاب فٹ بال گراؤنڈ، ناصر باغ یا سمن آباد ڈونگی گراؤنڈ میں جلسہ منعقد کرنے کی تجاویز دی ہیں لیکن تحریک انصاف کے قائدین مال روڈ پر ہی جلسہ کرنے کے فیصلے پر قائم ہیں۔

خیال رہے کہ مال روڈ پر جس جگہ تحریک انصاف جلسہ کرنا چاہتی ہے وہاں گذشتہ اتوار کو جماعت اسلامی ’عوامی دھرنا‘ کے نام سے اپنا احتجاجی جلسہ منعقد کر چکی ہے۔