کرّم میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، ایف سی اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے قبائلی علاقے کرّم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں ایف سی کا ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیٹکل انتظامیہ کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعے کو لوئر کرّم کے علاقے شہیدانو ڈنڈ میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق بارودی سرنگ چیک پوسٹ کے قریب نصب تھی اور علاقے میں گشت کرنے والے اہلکار اس کا نشانہ بنے۔
اس واقعے کے بعد زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایک بیان کے ذریعے دعویٰ کیا ہے کہ بارودی سرنگ سے حملہ اس کے جنگجوؤں نے کیا ہے۔
تنظیم کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ طالبان نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھی حملہ کیا ہے تاہم مقامی حکام کی جانب سے ایسے کسی حملے کی تصدیق نہیں کی گئی۔
پاکستان کے قبائلی علاقوں میں سکیورٹی کی صورتحال میں اگرچہ کافی حد تک بہتری آئی ہے تاہم گذشتہ چند ہفتوں سے ان علاقوں میں تشدد کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







