کرّم ایجنسی میں فوجیوں پر حملہ، دو اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عزیزاللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں فوجی اہلکاروں پر نامعلوم افراد کے حملے میں دو اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ جمعرات کی صبح کرم ایجنسی کے علاقے صدہ میں ورمگئی کے قریب پیش آیا ہے۔
پولیٹیکل انتظامہ کے اہلکاروں نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے اہلکاروں پر اس وقت حملہ کیا جب وہ ڈیوٹی کے بعد علاقے میں موجود تھے۔
اس حملے کے وقت چار اہلکار موقعے پر موجود تھے جن میں سے دو ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں میں سے ایک کو سی ایم ایچ کوہاٹ اور دوسرے کو سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
کرم ایجنسی کے جس علاقے میں حملہ ہوا اس کی سرحدیں ایک طرف افغانستان کے ساتھ اور دوسری جانب اورکزئی ایجنسی سے ملتی ہیں۔
اس علاقے میں اس سے پہلے بھی اس طرح کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
پاکستان کے قبائلی علاقوں میں سے شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں جاری فوجی آپریشنز کے نتیجے میں تشدد کے واقعات میں بڑی حد تک کمی دیکھی جا رہی ہے۔ تاہم اورکزئی ایجنسی اور اس کے مضافاتی علاقے میں شدت پسندوں کی کارروائیوں کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







