’شوال آپریشن کی ’کامیاب تکمیل‘

دورے کے موقع پر آرمی چیف کو اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا

،تصویر کا ذریعہISPR

،تصویر کا کیپشندورے کے موقع پر آرمی چیف کو اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں جاری فوجی آپریشن کی کامیاب تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے 800 کلومیٹر کا علاقہ چھڑوا لیا گیا ہے۔

فوج کے محکمہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق پیر کوشوال میں جاری آپریشن کے آخری مرحلے میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے آرمی چیف نے پورا دن وہیں گزارا جہاں فوجی دستے دہشت گردوں کے آخری ٹھکانوں کو ختم کرنے میں مصروف ہیں۔

آپریشن کا آخری مرحلہ پاک افغان سرحد کے قریب جاری ہے۔

دورے کے موقع پر آرمی چیف کو اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا۔

انھیں بتایا گیا کہ فروری 2016 میں شروع ہونے والے آپریشن میں اب تک 800 مربع کلومیٹر کا علاقہ بازیاب کروایا گیا ہے اور اس دوران دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان ہوا۔

اس موقع پر پاکستانی فوج کے سربراہ نے شوال آپریشن کی کامیاب تکمیل کی تعریف کی اور غیر معمولی کامیابیوں کے حصول اور فوجیوں کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

تاہم انھوں نے بے گھر افراد کی دوبارہ آبادکاری کے لیے تمام ممکنہ وسائل اور صلاحتیوں کو بروے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ فاٹا کے علاوہ دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر فوری کارروائیاں کی جائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رسائی میں اضافہ کیا جائے۔