شمالی وزیرستان: ’36 فیصد پناہ گزین گھروں کو واپس‘

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلے میں فوج نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقے شوال کا 640 مربع کلومیٹر علاقہ کلیئر کرا لیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شوال کے متعدد علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہے۔
بیان میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کے آغاز کے بعد سے نقل مکانی کرنے والے افراد کے بارے میں کہا گیا ہے کہ 30 ہزار بارہ خاندان یعنی 36 فیصد پناہ گزین اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
بیان کے مطابق پاک افغان سرحد کے قریب شدت پسندوں کے آخری ٹھکانوں کی صفائی کے لیے آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں ضرب عضب آپریشن کا آخری مرحلہ رواں سال فروری میں شروع کیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مانا، گرباز، لٹاکا، انزرکاس اور مگروتائی کے علاقوں کو کلیئر کروا لیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق جون 2014 میں شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب میں شمالی وزیرستان میں اب تک 4304 مربع کلومیٹر علاقہ کلیئر کرا لیا گیا ہے اور حکومت کی عملداری قائم کر دی گئی ہے باالخصوص قبائل علاقوں کے دور افتادہ علاقوں میں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضرب عضب کے آخری مرحلے میں 252 شدت پسند ہلاک اور 160 شدید زحمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب شوال میں آٹھ فوجیوں کی ہلاکت جبکہ 39 زخمی ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







