سبی میں مسافر ٹرین کے قریب دھماکہ، ایک شخص ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
بلوچستان کے ضلعے سبی کے قریب نامعلوم افراد نے راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی مسافر ٹرین کو نشانہ بنایا ہے، جس میں ایک شخص ہلاک اور کم سے کم پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
منگل کو ہونے والے اس حملے میں نامعلوم افراد نے سبی کے علاقے بختیار آباد کے قریب ایک پل کے نیچے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔ جو اُس وقت پھٹا جب راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر آباد ایکسپریس پڑی پر سے گزر رہی تھی۔
نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق بم دھماکے کے بعد ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اُتر گئی ہیں اور ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت منقطع ہو گئی ہے۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سکیورٹی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی بلوچستان میں شدت پسندوں نے مسافر ٹرین پر حملے کیے ہیں۔ جس میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔



