جنرل راحیل کی حسن روحانی سے سرحدی سلامتی پر بات چیت

ایرانی صدر نے پاک فوج اور آپریشن ضرب عضب میں اس کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا

،تصویر کا ذریعہISPR

،تصویر کا کیپشنایرانی صدر نے پاک فوج اور آپریشن ضرب عضب میں اس کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا

پاکستان کی فوج کےسربراہ جنرل راحیل شریف نے اسلام آباد میں ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات میں علاقائی سلامتی سمیت دیگر اہم معاملات پرتبادلہ خیال کیا۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے ایرانی صدر کے ساتھ پاکستان کودرپیش چیلنجوں کو اجاگر کیا۔

ملاقات میں پاکستان کےداخلی معاملات خصوصاً پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی راکی مداخلت کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف نے علاقائی سلامتی، پاک ایران تعلقات اور سرحدی سیکورٹی اور روابط سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقعے پر ایرانی صدر نے پاک فوج اور آپریشن ضرب عضب میں اس کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا۔

سنیچر کو ہی اسلام آباد میں پاکستان اور ایران کے مشترکہ کاروباری فورم کا بھی اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف اور ایرانی کے صدر حسن روحانی نے بھی شرکت کی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات باہمی احترام ، مشترکہ ثقافت اور مذہب کی بنیاد پر قائم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ معیشت کے استحکام کے لیے دہشت گردی اور توانائی کے چیلنجوں سے نمٹنا ناگزیر ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاک ایران سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دے کر معاشی استحکام یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
،تصویر کا کیپشنایران کے صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاک ایران سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دے کر معاشی استحکام یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی انقلاب سے خطے میں بھی خوشحالی آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’ہم علاقائی ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے چین پاکستان اقتصادی راہداری تعمیر کر رہے ہیں۔‘

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا کہ ’پاک ایران سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دے کر معاشی استحکام یقینی بنایا جا سکتا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ایران گیس اور تیل کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ’پاکستان کا معاشی استحکام ایران کا معاشی استحکام ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ایران پاکستان کی توانائی اور گیس کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیموں اور شاہراہوں کی تعمیر میں بھی اس کی مدد کر سکتا ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔