کوئٹہ میں مصطفیٰ کمال کی تصاویر آویزاں کردی گئیں

کوئٹہ شہر میں ابھی تک ایم کیو ایم کے رہنماؤں یا اہم کارکنوں میں سے کوئی اعلانیہ طور پر منحرف بھی نہیں ہوا
،تصویر کا کیپشنکوئٹہ شہر میں ابھی تک ایم کیو ایم کے رہنماؤں یا اہم کارکنوں میں سے کوئی اعلانیہ طور پر منحرف بھی نہیں ہوا
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی متحدہ قومی موومنٹ کے منحرف رہنما مصطفیٰ کمال کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔

مصطفیٰ کمال کی تصاویر جناح روڈ کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں لگائی گئی ہیں۔

کوئٹہ شہر میں سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ طویل عرصے سے موجود ہے لیکن اس کا شمار ان جماعتوں میں نہیں ہوتا جن کا شہر میں اثر و رسوخ زیادہ ہے۔

کوئٹہ شہر میں ابھی تک ایم کیو ایم کے رہنماؤں یا اہم کارکنوں میں سے کوئی اعلانیہ طور پر منحرف بھی نہیں ہوا ہے ۔

جہاں تک مصطفیٰ کمال کی شخصیت کی بات ہے وہ کوئٹہ یا بلوچستان میں ہر دلعزیز بھی نہیں رہے لیکن بڑی تعداد میں ان کی تصاویر کا لگنا لوگوں کے لیے باعث حیرت ہے کیونکہ کوئٹہ شہر میں مصطفیٰ کمال کی جس بڑی تعداد میں تصاویر آویزاں کی گئی ہیں اتنی کبھی الطاف حسین کی بھی نہیں لگیں۔

 مصطفیٰ کمال کی جو تصاویر آویزاں کی گئی ہیں ان کے اوپر انگریزی میں ’ویلکم‘ جبکہ نیچے ’آئی اون پاکستان‘ تحریر ہے
،تصویر کا کیپشن مصطفیٰ کمال کی جو تصاویر آویزاں کی گئی ہیں ان کے اوپر انگریزی میں ’ویلکم‘ جبکہ نیچے ’آئی اون پاکستان‘ تحریر ہے

رابطہ کرنے پر بلوچستان سے ایم کیو ایم کے مرکزی ایگزیکٹو کونسل اور سندھ اسمبلی کے رکن یوسف شاہوانی کا کہنا تھاکہ وہ یہ نہیں بتاسکتے کہ مصطفیٰ کمال کی تصاویر کس نے لگائیں۔

انھوں نے بتایا کہ بلوچستان میں ایم کیو ایم کے تمام کارکن الطاف حسین کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متوسط طبقے کے لوگوں کوالطاف حسین نے ہی ان کا جائز مقام دلایا ہے چند لوگوں کے جانے سے ایم کیو ایم پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔

کوئٹہ شہر میں مصطفیٰ کمال کی جو تصاویر آویزاں کی گئی ہیں ان کے اوپر انگریزی میں ’ویلکم‘ جبکہ نیچے ’آئی اون پاکستان‘ تحریر ہے ۔