ایرانی صدر رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بڑھانے پر بات کریں گے

،تصویر کا ذریعہPM house

،تصویر کا کیپشنایرانی صدر اپنے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بڑھانے پر بات کریں گے

پاکستان میں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے بتایا کہ ایرانی صدر حسن روحانی رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔

جمعرات کو پاکستان کے وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات کے دوران مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ علاقائی تعاون اور شدت پسندی ختم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق جاری ہونے والے ایک بیان میں رانا تنویر حسین نے ایرانی صدر کے پاکستان کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر کے دورے کے دوران ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جا سکتا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

ملاقات کے دوران ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر بھی بات ہوئی۔ یہ منصوبہ پاکستان میں سستی اور محفوظ توانائی فراہم کرنے کا اہم ذریعہ ہے اور اس منصوبے کے تحت دونوں ممالک میں ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔

رانا تنویر حسین نے ایران میں مصطفیٰ پرائز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان سائنس دانوں کو ایسے ایوارڈ دینا ایک اچھی کوشش ہے اور اس سے انھیں مزید کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

دفاعی پیداوار کے وزیر نے کہا کہ ’پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایران کو اپنی قریبی دوست اور پڑوسی سمجھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خوشگوار ہیں اور ایران کے لیے کسی بھی قسم کی مدد کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔‘

دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں تعاون مضبوط کرنے کے لیے کئی منصوبوں پر بات چیت ہوئی ہے۔