’کیا اچھی خبروں کا موسم شروع ہوگیا؟‘

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بہت سی ایموجیز کے ساتھ تاثیر خاندان کو اپنی محبت اور اس خبر پر خوشی کا پیغام بھیجا

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنپیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بہت سی ایموجیز کے ساتھ تاثیر خاندان کو اپنی محبت اور اس خبر پر خوشی کا پیغام بھیجا
    • مصنف, طاہر عمران
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

کیا پاکستان میں اچھی خبروں کا موسم شروع ہوچکا ہے؟

یہ میں نہیں ٹوئٹر پر ایک صارف سب سے پوچھ رہے تھے اور اس سوال کے پوچھنے کی وجہ سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کی بازیابی کی بریکنگ نیوز تھی۔

ابھی چند روز قبل ہی سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کی پھانسی کی خبر پر پاکستان میں منقسم ردِعمل سامنے آیا تھا۔

جہاں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بہت سے ایموجیز کے ساتھ تاثیر خاندان کو اپنی محبت اور اس خبر پر خوشی کا پیغام بھیجا وہیں بہت سے عام ٹوئٹر صارفین نے بھی تاثیر خاندان تک اپنے جذبات ٹوئٹر کے ذریعے پہنچائے۔

فصیح ذکا نے لکھا کہ ’تاثیر خاندان کے لیے ایک اچھی خبر جن سے بہت مختصر مدت میں بہت کچھ چھن گیا۔‘

آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے نے گذشتہ کئی برسوں سے اپنے ٹوئٹر پروفائل پر شہباز تاثیر کی تصویر لگا رکھی ہے جس پر ‘شہباز تاثیر کو رہا کرو’ لکھا ہے۔

انھوں نے بھی اس پر خوشی کا اظہار کیا کہ ’سب سے زبردست خبر!‘

جریدے نیوز ویک پاکستان کے ایڈیٹر فصیح احمد نے لکھا: ’سلمان تاثیر کے قتل کو کبھی بھی نہیں بھلایا جا سکتا، مگر شہباز کی واپسی سے پاکستان کے زخم مندمل ہونے میں مدد ملے گی۔ ایسا لگتا ہے کہ ایک تاریک رات کی صبح ہوئی ہے۔‘

تاہم اس پر جہاں خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے وہیں سوالات بھی کیے جا رہے ہیں اور حسب معمول ذرائع کی مدد سے محتلف افواہیں گردش میں ہیں۔

نیلوفر آفریدی قاضی نے سوال پوچھا: ’بلوچستان میں کچلاک کا علاقہ؟ یہ ملک کے سب سے زیادہ فوجیوں والے علاقے کے بارے میں کیا بتاتا ہے؟ کیا اس پر کوئی مزید تحقیق کرے گا؟‘