بلوچستان کے وزیرِ داخلہ کے قافلے پر فائرنگ

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں صوبائی وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی کے قافلے پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے۔
ڈیرہ بگٹی انتظامیہ کے مطابق وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی ڈیرہ بگٹی ٹاؤن سے سوئی جا رہے تھے۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پیر کی رات جب سرفراز بگٹی کا قافلہ پیش بوگی کے علاقے میں پہنچا تو نامعلوم مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کر دی۔
ذرائع کے مطابق اس حملے میں سرفراز بگٹی کے قافلے میں شامل چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیرِ داخلہ کے سیکورٹی گارڈز کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔
خیال رہے کہ گذ شتہ ماہ بھی ڈیرہ بگٹی کے علاقے پھیلاوغ میں سرفراز بگٹی کے قافلے کو بم حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اﷲ زہری نے سرفراز بگٹی کے قافلے پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
ایک بیان میں وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملوں سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کو کمزور نہیں کیاجاسکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ رواں برس 22 جنوری کو بھی ڈیرہ بگٹی میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کے قافلے میں شامل ایک گاڑی بارودی سرنگ کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کا نشانہ بنی تھی۔







