’افغانستان میں امن پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہے‘

سپیکر عبدالرؤف ابراہیم نے افغان مہاجرین کی 30 سال سے میزبانی کو سراہتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا

،تصویر کا ذریعہPM Office

،تصویر کا کیپشنسپیکر عبدالرؤف ابراہیم نے افغان مہاجرین کی 30 سال سے میزبانی کو سراہتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا

پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ دہشت گرد پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ دشمن ہیں اور دہشت گردی سے نجات کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں بدھ کو افغان اسمبلی کے سپیکر عبدالرؤف ابراہیم سے ملاقات کے دوران محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

وزیراعظم آفس کی طرف کی جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

بیان کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ افغانوں کے اپنے طور پر شروع کردہ اور ان ہی کی سرپرستی میں ہونے والے امن عمل کے ذریعے امن اور مفاہمت کے فروغ کے لیے پاکستان کی مخلصانہ اور مسلسل کوششوں سے افغانستان میں پائیدار امن قائم ہوگا۔

گذشتہ روز کابل میں ہونے والے چہار فریقی اجلاس کے شرکا نے افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنگذشتہ روز کابل میں ہونے والے چہار فریقی اجلاس کے شرکا نے افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا

افغان اسمبلی کے سپیکر عبدالرؤف ابراہیم نے افغان مہاجرین کی 30 سال سے میزبانی کو سراہتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز کابل میں ہونے والے چہار فریقی اجلاس کے شرکا نے افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا اور اپنا اگلا اجلاس کابل حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کے فوراً بلانے کا فیصلہ کیا۔

چاروں ملکوں کے نمائندوں نے اسلام آباد میں فروری کی چھ تاریخ کو ہونے والی اپنی آخری ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا تھا فروری کے اختتام تک وہ امن کے عمل کو بحال کرنے کے لیے دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کریں گے۔

اس سے قبل طالبان اور افغان حکومت کے درمیان امن مذاکرات طالبان رہنما ملا محمد عمر کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد معطل ہو گئے تھے۔