جامعہ حفصہ کو جانے والی سڑکوں پر رینجرز تعینات

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
اسلام آباد کی انتظامیہ نے سنیچر کو خواتین کے مدرسے جامعہ حفصہ کے قرب وجوار میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کی ایک بھاری نفری تعینات کردی ہے۔ اس کے علاوہ جامعہ حفصہ کی طرف جانے والی گلیوں کو کنکریٹ کے بلاک لگا کر آمدورفت کو محدود کردیا گیا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس اسلام آباد رضوان گوندل نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ اقدام وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے حکم پر اُٹھایا گیا ہے۔
اُنھوں نے بتایا کہ سیکٹر جی سیون تھری اور ٹو میں پولیس اور رینجرز کا عارضی ناکہ لگایا گیا ہے جس پر ڈیڑھ سو پولیس اور ریجرز اہلکار چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر ہوں گے۔
ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ اس عارضی ناکے کا مقصد علاقے میں رہنے والے اور آنے جانے والے افراد سے متعلق معلومات اکھٹا کرنا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ جامعہ حفصہ کا محاصرہ نہیں کیاگیا اور نہ ہی کسی شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
رضوان گوندل کا کہنا تھا کہ اس عارضی ناکے کو ختم کرنے کا فیصلہ اعلیٰ حکام ہی کریں گے۔
اس علاقے کے مکینوں کی زیادہ تر تعداد سرکاری ملازمین کی ہے اور اس علاقے میں زیادہ تر چھوٹے گھر ہیں جہاں پر زیادہ تر نچلے گریڈ کے اہلکار رہائش پذیر ہیں۔
اس دینی مدرسے کے معاملات کی نگرانی لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز کی اہلیہ امِ حسام کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی انتظامیہ کا موقف ہے کہ گذشتہ برس اس مدرسے کی طالبات نے خود کو دولت اسلامیہ کہلانے والی تنظیم کے سربراہ ابوبکر بغدادی کو ایک خط لکھا تھا جس میں اُن کی حمایت کی گئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خفیہ اداروں کی طرف سے وزارت داخلہ کو بھیجی جانے والی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مولانا عبدالعزیز کو چاہنے والے اُنھیں پاکستان میں دولت اسلامیہ کا رہنما سمجھتے ہیں۔
مولانا عبدالعزیز نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ اسلام سے متعلق اس تنظیم کے فلسفے کی حمایت کرتے ہیں جبکہ اُن کی تشدد پسند کارروائیوں کی حمایت نہیں کرتے۔
پارلیمنٹ میں حزب مخالف کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لال مسجد کے سابق خطیب کے خلاف مقدمات درج ہونے کے باوجود اُن کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی۔







