ژوب میں خودکش حملے میں چار اہلکار زخمی

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک خود کش حملے میں چار سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ خود کش حملہ ژوب شہر میں واقع کینٹ کے ایک داخلی گیٹ پر کیا گیا۔
ژوب میں پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ ایک گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور نے کینٹ کے ایک گیٹ سے داخل ہونے کی کوشش کی۔سکیورٹی اہلکاروں نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو گاڑی گیٹ سے ٹکرا گئی۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ گاڑی کے ٹکرانے کے ساتھ ہی ایک زور دھماکہ ہوا اور دھماکے میں چار سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکہ خود کش تھا اور کینٹ کے اندر داخل ہونے کی کوشش میں ناکام ہونے کے باعث خودکش حملہ آور نے گیٹ کے ساتھ گاڑی ٹکرا دی۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ دھماکے کی وجہ سے کینٹ کے گیٹ کو نقصان پہنچا۔
ژوب دارالحکومت کوئٹہ سے شمال مشرق میں واقع ہے۔ اس کی سرحدیں قبائلی علاقے وزیرستان کے علاوہ افغانستان سے بھی ملتی ہیں۔
اس ضلع میں مذہبی شدت پسندی کے حوالے سے پہلے بھی اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ژوب میں رونما ہونے والا یہ واقعہ رواں ماہ کے دوران بلوچستان میں دوسرا خود کش حملہ ہے۔
اس سے قبل کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں بھی ایک خود کش حملہ ہوا تھا جس میں 13پولیس اہلکاروں سمیت 14سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔







