سوات میں قبروں کی توڑ پھوڑ

،تصویر کا ذریعہbbc

    • مصنف, سید انور شاہ
    • عہدہ, سوات

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں نامعلوم افراد نے ایک قبرستان کی بے حرمتی کرتے ہوئے قبروں کو تھوڑ دیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ تحصیل کبل کے علاقے برہ بانڈی میں پیش آیا۔

پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ نامعلوم افراد کی تعداد کتنی تھی؟

برہ بانڈی کے مقامی شخص جعفر شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے رات کو قبرستان میں قبروں کے کتبے توڑ دیے جس کے بعد علاقے کے لوگ خوف اور تشویش میں مبتلا ہیں۔

انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبرستان کی تحفظ کے لیے باونڈری وال یا چوکیدار تعینات کیا جائے۔

اس قبرستان میں 100 سے زائد قبریں ہیں جن میں زیادہ تر پکی ہیں۔

سوات کے علاقے چپریال میں اس سے پہلے بھی نامعلوم افراد نے قبروں کی بے حرمتی کی تھی۔

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں اس سے پہلے بھی نامعلوم افراد کی جانب سے زیارتوں پر متعدد حملے ہو چکے ہیں۔

طالبان نے سوات کے علاقے مٹہ میں سنہ 2008 میں اپنے ایک مخالف مذہبی رہنما کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش گوالیرئی چوک میں درخت سے لٹکا کر اس کی بے حرمتی کی تھی۔